دنیا
Time 11 مئی ، 2022

امریکا اور یورپی یونین کا اسرائیلی فورسزکے ہاتھوں صحافی کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

امریکا اور یورپی یونین نے اسرائیلی فورسزکے ہاتھوں خاتون صحافی کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں امریکی مندوب لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے قابض اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں فلسطینی نژاد امریکی خاتون صحافی کے قتل پرکہا کہ خاتون صحافی کے قتل کی شفاف طریقے سے تحقیقات ہونی چاہیے۔

امریکی مندوب نے مزیدکہا کہ واشنگٹن کی اعلیٰ ترجیح امریکی شہریوں اور صحافیوں کا تحفظ ہے۔

یورپی یونین نے بھی قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی خاتون صحافی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک  بیان میں یورپی یونین کی جانب سےکہا گیا ہےکہ تمام حالات کو واضح کرنےکے لیے ایک مکمل، آزادانہ تحقیقات کی فوری ضرورت ہے اورذمہ داروں کوانصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

 یورپی یونین کا کہنا ہےکہ صحافیوں کو اپنا کام کرتے ہوئے نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے، تنازعات کی کوریج کرنے والے صحافیوں کےتحفظ کو ہر وقت یقینی بنایا جانا چاہیے، یورپی یونین نے اپنے بیان میں فائرنگ کا الزام کسی پر عائد نہیں کیا۔

خیال رہے کہ قابض اسرائیلی فورسز نے فلسطینی نژاد امریکی خاتون صحافی شیریں ابوعاقلہ کو مغربی کنارے میں چہرے پر گولی مار کر قتل کردیا تھا۔

 صحافی کے قتل پر پاکستان نے بھی شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ اسرائیلی جرائم کو بے نقاب کرنے والوں کو خاموش کرنے کی اسرائیلی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

مزید خبریں :