Time 12 مئی ، 2022
صحت و سائنس

ذیابیطس سے متاثر کووڈ کے مریضوں میں موت کا خطرہ دگناہوتا ہے، تحقیق

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

ذیابیطس کے مریضوں میں کووڈ 19 سے متاثر ہونے پر ہلاک ہونے کا خطرہ دیگر افراد کے مقابلے میں لگ بھگ دگنا ہوتا ہے۔

برطانیہ کی ابرڈین یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ذیابیطس کے مریض اگر کورونا وائرس سے متاثر ہوجائیں تو ان میں بیماری کی شدت سنگین ہونے کا خطرہ 3 گنا زیادہ ہوتا ہے مگر بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول میں رکھنے سے یہ خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

یہ نتائج 2 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ افراد پر ہونے والی 158 تحقیقی رپورٹس کے جامع تجزیے کے بعد سامنے آئے ۔

اس نئی تحقیق کا مقصد یہ تعین کرنا تھا کہ کووڈ 19 سے ذیابیطس کے مریضوں پر کس طرح کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ماہرین نے بتایا کہ ہم نے دریافت کیا کہ کووڈ 19 سے متاثر ہونے پر ذیابیطس کے مریض کی موت کا خطرہ ذیابیطس سے محفوظ فرد کے مقابلے میں نمایاں حد تک زیادہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیٹا سے عندیہ ملتا ہے کہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیےآکسیجن سپورٹ اور آئی سی یو میں داخلے کا خطرہ دیگر مریضوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ چین، کوریا اور مشرق وسطیٰ میں ذیابیطس کے مریض اگر کووڈ سے متاثر ہوتے ہیں تو ان کی موت کا خطرہ امریکا یا یورپی یونین کے ممالک کے رہائشیوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے، جس کی وجہ مغربی ممالک میں طبی سہولیات بہتر ہونا ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ ہم نے مشرقی اور مغربی دنیا میں کووڈ کے اثرات میں فرق کو دریافت کیا ہے۔

مزید خبریں :