بجلی بحران: سیکرٹری پاور کا اپنے گھر سمیت VVIP فیڈرز پر بھی لوڈشیڈنگ کا حکم

سب عوام برابر ہیں لہٰذا یکساں سلوک کیا جائے تاہم اس دوران صرف اسپتال والے فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ استثنیٰ حاصل ہوگا: سیکرٹری پاور/ فائل فوٹو
سب عوام برابر ہیں لہٰذا یکساں سلوک کیا جائے تاہم اس دوران صرف اسپتال والے فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ استثنیٰ حاصل ہوگا: سیکرٹری پاور/ فائل فوٹو

لاہور:  سیکریٹری پاور نے ملک بھر میں بجلی کی کمی کے سبب اپنے گھر سمیت  وی آئی پی فیڈرز  پر بھی لوڈ شیڈنگ کا حکم دے دیا۔

لاہور الیکٹرک  کمپنی ( لیسکو ) کے  ذرائع کے مطابق سیکرٹری پاور نے  تمام  وی وی آئی پی فیڈرز پر  لوڈشیدنگ کرنےکاحکم دیا ہے جب کہ انہوں نے جی او آر سمیت اپنے گھر کابھی لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ ختم کردیا ہے۔

سیکرٹری پاور کا کہنا تھا کہ سب  عوام  برابر  ہیں لہٰذا یکساں سلوک کیا جائے تاہم اس دوران  صرف اسپتال  والے فیڈرز کو  لوڈ شیڈنگ  استثنیٰ حاصل ہوگا۔

لیسکو میں بجلی  کی طلب 5 ہزار میگاواٹ

دوسری جانب لیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو ریجن میں بجلی کی طلب 5000 میگاواٹ ہو گئی ہے جب کہ بجلی کا شارٹ فال 400میگاواٹ سے تجاوزکرگیا ہے، لیسکو کو 4600 میگاواٹ بجلی کا کوٹہ فراہم کیا جارہا ہے۔

لیسکو نے لاہور میں ایک سے دو گھنٹےکی لوڈشیڈنگ کاشیڈول جاری کردیا جب کہ دیہی علاقوں میں تین سے چار گھنٹے لوڈشیدنگ شروع کردی گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بجلی کاکوٹہ فوری نہ بڑھا تو لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھےگا۔

 پن بجلی کی پیداوار 4500 میگاواٹ سے زائد 

علاوہ ازیں واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( واپڈ ا) ذرائع کا کہنا ہے کہ  ملک میں پن بجلی کی پیداوار 4500 میگاواٹ سے زائد ہوگئی ہے جب کہ  تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے۔

واپڈا ذرائع کے مطابق،  تربیلا، منگلا، غازی بروتھا اورنیلم جہلم سمیت تمام آبی منصوبےچل رہےہیں، پن بجلی کی پیداوار رواں سیزن 8500 میگاواٹ تک جانے کاامکان ہے ۔

مزید خبریں :