14 مئی ، 2022
راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ آصف زرداری نے (ن) لیگ سے پرانا قرضہ بمعہ سود واپس لیا ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جس نیب کےقانون کی زد میں اپوزیشن لیڈر آتے ہیں اسے ختم کیا جارہا ہے، جو کھڈا اور سازش عمران خان کے لیے بنائی گئی تھی، اس کھڈے میں اپوزیشن خود گرگئی ہے، آصف زرداری نے (ن) لیگ سے پرانا قرضہ بمعہ سود واپس لیا ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ فیصل آباد اور ملتان کا جلسہ نہ کرنے دیا گیا تو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان 20 مئی سے پہلے بھی ہوسکتا ہے، 17 اور 18 مئی سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردی جائیں گی اور آئندہ آنے والے 15 دن سیاست میں بہت اہم ہوں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ طاقت کا استعمال کیاگیا تو پی ٹی آئی اور اٹھے گی، یہ لوگ ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں، یہ لوگ اپنے کیسزختم کرانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بے نقاب ہونے جارہی ہے، ملک ڈیفالٹ ہونے کی طرف جاسکتا ہے، ملک انتشار کی طرف جارہا ہے۔