Time 15 مئی ، 2022
پاکستان

مجھےکچھ ہوا تو عوام انصاف دلائیں گے، عمران خان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سیالکوٹ کے بعد فیصل آباد میں بھی اپنے قتل کی سازش تیار کیےجانےکا دعویٰ کرتے ہوئےکہا ہےکہ اگر مجھے کچھ ہوا تو پاکستان کے عوام  مجھے انصاف  دلائیں گے۔

فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی بڑے مجرم کونہیں پکڑا گیا، نہ لیاقت علی خان کےاصل قاتل پکڑے گئے، نہ بھٹو کے جوڈیشل مرڈر کے ذمہ داروں کوسزا ملی ، اسی لیے انہوں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کی ہے جس میں سازش میں ملوث کرداروں کے نام بتا دیے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھےکچھ ہوا تو عوام انصاف دلائیں گے، مجھےکچھ ہوا تو ویڈیو جاری ہوگی جس میں جن جن لوگوں کے میں نے نام لیے ہیں  آپ نے ان میں سے ایک ایک کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑے کرنا ہے، یوں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ طاقت ور قانون کے نیچے آئےگا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ  ہمارے دور میں معیشت چل پڑی تھی، انڈسٹری کھڑی تھی،دنیا ہماری تعریف کررہی تھی، لیکن پھرسازش کرکےہماری حکومت گرا دی گئی، جب بھی گورنمنٹ جاتی ہے لوگ مٹھائیاں بانٹتے ہیں لیکن ہماری حکومت جانے پر لوگ سڑکوں پر آگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں کسانوں کو اتنا پیسا ملا جتنا کبھی پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملا، پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا اب ان سے حکومت سنبھل رہی ہے، میڈیا سے کہتا ہوں لوگوں سے ٹماٹر اور مرغی کے ریٹ پوچھیں،میڈیا سےکہتاہوں کہ لوگوں سے ٹماٹر اور مرغی کے ریٹ پوچھیں۔

انہوں نےکہا کہ بلاول امریکا سےکہےگا ہمیں پیسا دے دو ورنہ عمران خان دوبارہ آجائے گا، بلنکن کو پتہ ہے بلاول اور اس کے باپ کا پیسا کہاں کہاں ہے، امریکی کبھی مدد نہیں کریں گے جب تک ان کےگلے زنجیریں ٹائٹ نہ کردیں ، وہ کہیں گے فلسطین کی بات مت کرو ، بھارت آزاد ہے اس لیے امریکا اسے کچھ نہیں کہتا،امریکا نے ہمیں فتح کیے بغیر غلام بنایا ہوا ہے۔

مزید خبریں :