17 مئی ، 2022
آرٹیکل 63 اےکی تشریح کے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے فیصلےکے بعد وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر قانونی ماہرین سے مشاورت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق قانونی ماہرین نے رائے دی ہےکہ الیکشن کمیشن کےفیصلےکا بھی انتظارکرناچاہیے، الیکشن کمیشن کےتفصیلی فیصلےکے بعد لائحہ عمل اپنایا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ قائم مقام گورنرکے عہدہ سنبھالتے ہی اسپیکر اور ڈپٹی اسیپکر کے خلاف عدم اعتماد آجائےگی۔
خیال رہےکہ آرٹیکل 63 اےکی تشریح کے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ نے فیصلہ سنادیا ہے۔
عدالت کے فیصلےکے مطابق منحرف رکن اسمبلی کا ووٹ شمار نہیں ہوگا، پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے والے رکن پر پابندی عمر بھر کی ہوگی یا کسی خاص مدت کی؟ اس پر پارلیمنٹ قانون سازی کرے ، آرٹیکل 63 اے پارلیمانی نظام میں سیاسی جماعتوں کو تحفظ دیتا ہے، انحراف کینسر ہے، سیاسی جماعتوں کے حقوق کا تحفظ کسی رکن کے حقوق سے بالا ہے ۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے نااہلی ریفرنسزکے فیصلے سے متعلق فیصلہ کل سنائے جانےکا امکان ہے۔