17 مئی ، 2022
محکمہ ماحولیات نے خاتون ٹک ٹاکر کی جانب سے مبینہ طور پر جنگل میں آگ لگانے پر مقدمے کے اندراج کی درخواست دے دی۔
محکمہ ماحولیات نے اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دی ہے۔
درخواست اسسٹنٹ ڈائریکٹر پروٹیکشن شعبہ ماحولیات کی جانب سے دی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹک ٹاکرکی جانب سےمبینہ طورپرمارگلہ ہلز نیشنل پارک کے علاقےمیں آگ لگائی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی آتشزدگی کے متعدد واقعات ہو چکے ہیں لہٰذا خاتون ٹک ٹاکر کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
دوسری جانب مشہور لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک نے بھی مارگلہ کی پہاڑیوں پرٹک ٹاکرز کی جانب سے مبینہ آگ لگانے پر وضاحت جاری کی ہے۔
ترجمان ٹک ٹاک کا کہنا تھا کہ خطرناک یا غیرقانونی رویے کو فروغ دینے والا مواد ہماری کمیونٹی گائیڈلائنز کی خلاف ورزی ہے، ہمارے پلیٹ فارم پر ایسے مواد کی کوئی جگہ نہیں۔
ترجمان کے مطابق خطرناک اورغیرقانونی سرگرمیوں کو فروغ دینے والے مواد کو ہٹا دیا جاتا ہے، ایسے مواد کو محدود یا لیبل کرنے کیلئے کوشاں رہتے ہیں، صارفین کوترغیب دیتےہیں ہرفرد اپنے رویے میں احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔