18 مئی ، 2022
کولمبو: سری لنکا میں جاری معاشی بحران ہر گزرتے دن کے ساتھ سنگین ہوتا جا رہا ہے اور اب باقاعدہ طور پر پیٹرول شپمنٹس کی ادائیگی کے لیے ڈالرز نہ ہونے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
سری لنکا کے وزیر برائے بجلی اور توانائی کا پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کولمبو کی بندرگاہ پر پیٹرول شپمنٹ 28 مارچ سے موجودہے لیکن سری لنکا کے پاس پیٹرول شپمنٹس کی ادائیگی کے لیے ڈالرز نہیں ہیں۔
سری لنکن وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت پیٹرول حاصل کرنے کے لیے ادائیگی سے قاصرہے جبکہ کریڈٹ لیٹرز کھولنے کے لیے بھی ڈالرز کی قلت ہے، ہم فنڈز تلاش کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے سری لنکن وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ کم از کم رواں ہفتے کے آخر تک پیٹرول دستیاب نہیں ہو گا لہذا شہری دو دن تک ایندھن کے لیے قطار نہ لگائیں۔
سری لنکن وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیٹرول کا بہت کم ذخیرہ ہے جو صرف ایمبولینس اور ایمرجنسی جیسی ضروری خدمات کے لیے جاری کیا جا رہا ہے۔