19 مئی ، 2022
طالبان نے افغانستان میں ٹی وی نشریات کا حصہ بنانے والی تمام خواتین کو نشریات کے دوران چہرے کو نقاب سے ڈھانپنے کا حکم دیا ہے۔
افغان وزارت امربالمعروف ونہی عن المنکر کی جانب سے جاری کردہ حکم میں کہا گیا ہے کہ اس کا اطلاق افغانستان میں تمام میڈیا اداروں میں کام کرنے والی تمام خواتین پر ہوگا۔
وزارت نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ حتمی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 7 مئی کو طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے عوامی مقامات پر تمام خواتین کو مکمل برقع پہننے کا حکم دیا تھا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خواتین عوامی مقامات پر سر سے پاؤں تک ڈھانپنے والا برقع پہنیں۔
رپورٹ کے مطابق ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سر سے پاؤں تک ڈھانپنے والا برقع روایتی اور محترم ہے۔
قبل ازیں نومبر 2021 میں طالبان نے ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں اداکاراؤں کو دکھانے پر پابندی لگائی تھی جبکہ خواتین رپورٹرز کو رپورٹنگ کے دوران حجاب پہننے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔