دنیا
Time 19 مئی ، 2022

تیسری چینی کوویڈ ویکسین عالمی ادارہ صحت کی منظوری حاصل کرنے میں کامیاب

عالمی ادارہ اگست سے ویکسین کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کررہا تھا / شٹر اسٹاک فوٹو
عالمی ادارہ اگست سے ویکسین کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کررہا تھا / شٹر اسٹاک فوٹو

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے چین کی کمپنی کین سائنو بائیو کی تیار کردہ کوویڈ 19 ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

اس طرح یہ چین کی تیسری جبکہ مجموعی طور پر 9ویں کوویڈ 19 ویکسین ہے جس کو عالمی ادارے کی جانب سے ہنگامی استعمال کے لیے منظوری دی گئی ہے۔

اس سے قبل ڈبلیو ایچ او نے چین کی سائنو فارم اور سائنو ویک کمپنیوں کی تیار کردہ کوویڈ ویکسینز کی منظوری دی تھی۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کین سائنو کی تیار کردہ ویکسین کو ہنگامی استعمال کے لیے منظوری دیئے جانے سے ان ویکسینز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جن کو ڈبلیو ایچ او نے بیماری کی روک تھام کے لیے جانچا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ کین سائنو کی سنگل ڈوز ویکسین کوویڈ کی علامات والی بیماری سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے 64 فیصد جبکہ بیماری کی سنگین شدت سے بچانے میں 92 فیصد تک مؤثر ہے۔

بیان کے مطابق یہ ویکسین کوویڈ 19 سے تحفظ کے لیے عالمی ادارے کے طے کردہ معیار کے مطابق ہے ۔

ڈبلیو ایچ او کے ماہرین نے 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے اس ویکسین کے استعمال کا مشورہ دیا ہے۔

اس ویکسین کی منظوری کے لیے ڈبلیو ایچ او کی جانب سے اگست 2021 سے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی جارہی تھی ۔

خیال رہے کہ کین سائنو ویکسین پہلے ہی چین ، ارجنٹینا، چلی، ملائیشیا، میکسیکو اور پاکستان میں استعمال کی جارہی ہے۔

عالمی ادارے کی منظوری کے بعد کین سائنو اپنی ویکسین کو دنیا بھر میں فراہم کرسکتی ہے جبکہ یہ کوویکس گلوبل الائنس کا حصہ بھی بن سکتی ہے، جس کا مقصد مساوی بنیادوں پر دنیا بھر میں کوویڈ ویکسینز کی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔

مزید خبریں :