وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

وزیراعظم کو اسلام آباد سے لانے والی خصوصی پرواز نے جمعہ کی دوپہر 12:45 بجے فیصل ائیر  بیس پر لینڈ کیا
وزیراعظم کو اسلام آباد سے لانے والی خصوصی پرواز نے جمعہ کی دوپہر 12:45 بجے فیصل ائیر بیس پر لینڈ کیا

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو اسلام آباد سے لانے والی خصوصی پرواز نے جمعہ کی دوپہر 12:45 بجے فیصل ائیر  بیس پر لینڈ کیا، وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر آبی وسائل خورشید شاہ اور معاون خصوصی سید فہد حسین بھی کراچی پہنچے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو ہیلی کاپٹر سے کراچی شپ یارڈ پہنچایا گیا جہاں  وہ کراچی شپ یارڈ کا دورہ کریں گے اور انجینئرنگ ورکس کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

کراچی شپ یارڈ کے دورے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف وزیراعلیٰ ہاؤس جائیں گے جہاں وہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر اجلاس کی صدارت کریں گے جب کہ  شہباز شریف وزیراعلیٰ ہاوس میں کراچی کے تاجروں سے ملاقاتیں کریں گے جس میں وہ ملک کو درپیش معاشی مشکلات سے نمٹنے کیلئے ان کی تجاویز سنیں گے۔

اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور کارکنان بھی شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جس کےبعد  وزیر اعظم آج شام کو ہی اسلام آباد واپس روانہ ہوجائیں گے۔

مزید خبریں :