منحرف ارکان ڈی سیٹ: حمزہ کہیں نہیں جا رہے، پنجاب میں ہماری اکثریت ہے، وزیرقانون

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے والے تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کیا ہے— فوٹو: فائل
الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے والے تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کیا ہے— فوٹو: فائل

وفاقی وزیرقانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ  نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کہیں نہیں جا رہے، پنجاب میں ہماری اکثریت ہے۔

جیو نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو میں اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے متاثرہ ارکان صوبائی اسمبلی سپریم کورٹ سے رجوع کا حق رکھتے ہیں، جن ممبران کے خلاف فیصلہ آیا ممکن ہے وہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردیں۔

وزارت اعلیٰ کے حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ حمزہ شہباز بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنا کام جاری رکھیں گے، وہ کہیں نہیں جا رہے، پنجاب میں ہماری اکثریت ہے۔

وزیرقانون کا کہنا تھاکہ ن لیگ کے نامزد گورنر پنجاب بلیغ الرحمان یکم جون کو حلف لے لیں گے اور ان کے حلف لینے کے بعد صوبائی کابینہ تشکیل پا جائے گی۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے والے تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کر دیا ہے۔