21 مئی ، 2022
گورنر پنجاب کا معاملہ ایک بار پھر سنگینی اختیار کرتا جا رہا ہے، صدر مملکت کی جانب سے سابق گورنر پنجاب کو عہدے پر برقرار رکھنے کا کہا گیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلیغ الرحمان ہی گورنر پنجاب ہوں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عمر سرفراز چیمہ کو گورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹانے سے انکار کرتے ہوئے وزیراعظم کو اپنی تجویز پر نظر ثانی کرنے کا کہا تھا۔
صدر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ آئین کے مطابق ’صدر کی خوشنودی تک گورنر کو نہیں ہٹایا جا سکتا‘ لہذا موجودہ صورتحال میں ضروری ہے کہ عمر سرفراز گورنر پنجاب کے عہدے پر برقرار رہیں۔
تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی صدر مملکت کو جوابی خط لکھا ہے جس میں انہوں نے واضح کر دیا ہے کہ شیخ بلیغ الرحمان ہی گورنر پنجاب ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 دن میں صدر کا جواب نہ آنے پر شیخ بلیغ الرحمان گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب نامزد کرنے کی ایڈوائس دوسری بار صدر مملکت کو بھجوائی ہے۔