واٹس ایپ کا اکتوبر 2022 میں مخصوص آئی فونز کے لیے سپورٹ ختم کرنے کا اعلان

ان فونز کے لیے سپورٹ اکتوبر 2022 میں ختم کردی گئی تھی / فائل فوٹو
ان فونز کے لیے سپورٹ اکتوبر 2022 میں ختم کردی گئی تھی / فائل فوٹو

چند ماہ کے بعد مخصوص آئی فونز پر واٹس ایپ استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

میٹا کی زیرملکیت میسجنگ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ 24 اکتوبر 2022 سے آئی او ایس 10 اور آئی او ایس 11 کے لیے واٹس ایپ سپورٹ ختم کردی جائے گی۔

اس سپورٹ ختم ہونے سے آئی فون 5 اور آئی فون 5 سی پر واٹس ایپ کو استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

دیگر پرانے آئی فونز استعمال کرنے والے صارفین کو واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے آئی او ایس 12 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا تاکہ وہ میسجنگ ایپ کو استعمال کرسکیں۔

آئی او ایس 10 اور 11 پر کام کرنے والے صارفین کو واٹس ایپ کی جانب سے ایک پیغام بھیجا جائے گا جس میں لکھا ہوگا کہ وہ اپنی ڈیوائسز کو آئی او ایس کے نئے ورژن پر اپ ڈیٹ کرلیں۔

اس پیغام میں مزید بتایا جائے گا کہ واٹس ایپ کی جانب سے آئی او ایس 10 اور 11 پر کام کرنے والی ڈیوائسز کے لیے سپورٹ 24 اکتوبر 2022 کے بعد ختم کردی جائے گی۔

پیغام کے مطابق صارفین آئی فون سیٹنگز میں جائیں اور وہاں جنرل اور پھر سافٹ ویئر اپ ڈیٹ پر کلک کرکے آئی او ایس کے نئے ورژن کو انسٹال کرلیں (اگر ممکن ہو تو)۔

ویسے ابھی بھی زیادہ تر آئی فونز میں آئی او ایس 12 یا اس کے بعد کے ورژن موجود ہے مگر ایسے پرانے فونز کی تعداد بھی کافی ہے جس میں پرانے آپریٹنگ سسٹم کو استعمال کیا جارہا ہے۔

2021 میں ایپل نے بتایا کہ دنیا بھر میں ایک ارب سے زیادہ آئی فونز کو استعمال کیا جارہا ہے اور اس تعداد میں یقیناً مزید اضافہ ہوگیا ہوگا۔

2019 کے ایک تخمینے کے مطابق آئی فونز استعمال کرنے والے صارفین کی 0.5 فیصد تعداد آئی فون 5 اور 5 سی استعمال کررہی ہے اور اگر 3 سال میں کمی آئی ہوگی تو بھی ایسے کم از کم 10 لاکھ فونز ضرور استعمال ہورہے ہوں گے۔

یہ بات یاد رہے کہ ایپل نے بھی کچھ عرصے قبل آئی فون 5 اور 5 سی کے لیے سپورٹ ختم کردی تھی یعنی ان ڈیوائسز کے لیے اب سافٹ ویئر یا سیکیورٹی اپ ڈیٹس دستیاب نہیں۔

مزید خبریں :