23 مئی ، 2022
پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) رواں سال حج آپریشن کا آغاز 31 مئی سے کرے گا۔
پی آئی اے انتظامیہ نے وفاقی وزیر ہوابازی سعد رفیق کو حج آپریشن، مذہبی زیارات اور اندرون و بیرون ملک سیاحت کے فروغ، فضائی بیڑے میں اضافے جیسے اہم معاملات پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں پی آئی اے نے بتایا کہ 31 مئی سے حج آپریشن کا آغاز کرے گا، حج آپریشن ملک کے 8 شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اور کوئٹہ سے کیا جائے گا۔
سعودیہ عرب میں حج پروازیں جدہ اور مدینہ منورہ جائیں گی اور پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن 297 پروازوں کے ذریعے 31 مئی تا 13 اگست تک جاری رہے گا۔
وزیر ہوابازی نے ہدایت کی کہ پی آئی اے اس مقصد کیلئے ایک بوئنگ 777 اور ایک ائیربس 320 کو طویل مدتی سٹوریج سے نکالے۔
حکام نے بتایا کہ 4 ائیربس 320 طیارے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہونا شروع ہوگئے ہیں اور ایک طیارہ گزشتہ ہفتے پاکستان پہنچ گیا ہے جس کی کسٹم اور ایف بی آر سے کلیئرنس کروائی جارہی ہے جبکہ دوسرا طیارہ اس ماہ کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھاکہ اضافی جہازوں کی بیڑے میں شمولیت سے فضائی آپریشن کو تقویت ملے گی اور نیٹ ورک کی وسعت میں مددگار ثابت ہو گی۔
ان کا کہنا تھاکہ پی آئی اے زائرین کی سہولت کیلئے دمشق اور نجف کے فضائی آپریشن کو بھی وسعت دے رہا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ عاشورہ اور اربعین کے موقع پر پی آئی اے دمشق اور نجف کی اضافی پروازیں بھی چلائے۔
حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ پاکستانی سیاحوں کی سہولت کی خاطر پی آئی اے نے باکو (آذربائیجان) کی پروازوں کو بھی دگنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جبکہ شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے اسکردو، گلگت اور چترال کی پروازوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے۔
حکام کا کہنا تھاکہ اسکردو کی ہفتہ وار 18، گلگت کی ہفتہ وار 24 اور چترال کی ہفتہ وار 2 پروازیں لگائی جارہی ہیں، ان پروازوں کو اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور ملک کے دیگر شہروں سے بھی منسلک کیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ کارگو کے شعبے پر خصوصی توجہ دے اور اس کے فروغ کیلئےٹھوس اقدامات پر مشتمل سفارشات لے کر آئے اور پی آئی اے اپنے بزنس کلاس پروڈکٹ کو بہتر بنانے کیلئے کراچی، لاہور اور اسلام آبادائیرپورٹس پر بزنس کلاس لاؤنجز کی تزین و آرائش کروائے۔