24 مئی ، 2022
لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کرسی اور فرح گوگی کا نام آزادی رکھا ہوا ہے، عدلیہ کو بہت ادب سے یہ بات کہناچاہتی ہوں، یہ روایت مت ڈالیں کہ جو شخص سب سے بڑھ کر اداروں کو گالیاں نکالے گا، اسی کے حق میں فیصلے ہوں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان لانگ مارچ حکومت کے خلاف نہیں اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کر رہے ہیں، عمران خان نے کہا کہ میں میر جعفر اور میر صادق کو پہچان گیا، یہ اس نے ہمیں نہیں کہا، یہ وہ اسٹیبلشمنٹ کو کہتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ یہ کونسی آزادی چاہتے ہیں؟ عمران خان نے کرسی اور فرح گوگی کا نام آزادی رکھا ہوا ہے، عدلیہ کو بہت ادب سے یہ بات کہناچاہتی ہوں، یہ روایت مت ڈالیں کہ جو شخص سب سے بڑھ کر اداروں کو گالیاں نکالے گا، اسی کے حق میں فیصلے ہوں گے، قوم کے حق میں فیصلے کریں، ملک کے حق میں فیصلےکریں، سوشل میڈیا کو مت دیکھیں، میڈیا کو مت دیکھیں اورقوم کے مستقبل کے حق میں فیصلےکریں۔
نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستانی قوم کے بچوں کو ترغیب دے رہے ہیں کہ ڈنڈے اور مار کھاؤ، آزادی کی تحریک ہے تو لاؤ اپنے بچوں کو ، ورنہ آزادی کا بھاشن نہیں مانتے، اپنے بچوں کو لندن میں بٹھادیا، قوم کے بچے لو کے تھپیڑے کھائیں،جب نیب کے دفتر میں مجھ پر پتھراؤ ہوا تو چھپ کر نہیں بیٹھی، کارکنوں کو آگے نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رکن نے سیدھی گولی پولیس کانسٹیبل پر چلائی،گولی چلا کر بتادیا کہ ان کے ارادے کیا ہیں، اس ملک کو سری لنکا بنانےکی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے مقاصد میں شک و شبہےکی گنجائش نہیں رہ گئی۔