25 مئی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھ سے کہا گیا کہ لانگ مارچ کو آگے لے جایا جائے، بات ہورہی ہے ان ہی کی وجہ سے 22 مئی کو مارچ کا اعلان کیا۔
ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ مجھ سے اتنے دھوکے کیے گئے کہ اب میں کسی چیز کو نہیں مانتا، لوگوں پر جلدی بھروسہ کرنا میری خامی تھی۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ لانگ مارچ کے ذریعے مجھے اسمبلیوں کی تحلیل اور الیکشن کی تاریخ چاہیے۔
اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ شہید پولیس اہل کار کے گھر والوں سے ہمدردی ہے، جس نے پولیس کو کارروائی کا حکم دیا، اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے لانگ مارچ لے کر ڈی چوک اسلام آباد پہنچنے کا اعلان کردیا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میں آج خیبر پختونخوا سے نکلوں گا اور کشمیر روڈ سے ہوتاہوا ڈی چوک پہنچوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح بھی ہو سب نے نکلنا ہے اور شہر دور ہیں تو شہروں میں نکلیں، ملک میں جگہ جگہ نکلیں۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ ہمارا ایک ہی مقصد ہے جب تک حکومت تحلیل نہیں ہوتی اور الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کرتی تب تک ہماری تحریک جاری رہے گی۔