25 مئی ، 2022
صوابی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج اسلام آباد کے لیے لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ حکومت نے عمران خان نے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے جگہ جگہ کنٹینرز کھڑے کر کے سڑکیں بلاک کر دی ہیں، وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی پولیس کے ساتھ رینجرز اور ایف سی کے حوالے کر دی گئی ہے اور میٹرو بس سروس کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف اعلیٰ پارٹی قیادت کے ہمراہ گزشتہ کئی روز سے خیبر پختونخوا میں موجود ہیں اور عمران خان کے پی سے ہی اسلام آباد لانگ مارچ کے لیے روانہ ہوں گے۔
اب اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عاقب اللہ کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ عمران خان ہیلی کاپٹر کے ذریعے انبار انٹرچینج صوابی پہنچیں گے جہاں پر وہ متوقع طور پر کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔
ایم پی اے عاقب اللہ کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کنٹینر بھی انبار انٹرچینج پہنچا دیا گیا ہے۔
عاقب اللہ نے مزید بتایا کہ موٹروے پر کھڑی رکاوٹیں ہٹانے کے لیے بھاری مشینری بھی پہنچا دی گئی ہے۔