26 مئی ، 2022
قومی اسمبلی نے نیب قوانین میں ترامیم کا بل بھی کثرت رائے سے منظور کر لیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے قومی احتساب آرڈیننس 1999 میں مزید ترمیم کا بل پیش کیا۔
اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا نیب انکوائری کے لیے وقت کی حد کا پابند نہیں تھا، آج سے پہلے نیب 4 سال تک انکوائری شروع نہیں کرتا تھا لیکن نیب اب 6 ماہ کی حد کے اندر انکوئری کا آغاز کرنے کا پابند ہو گا۔
قومی اسمبلی نے احتساب بیورو آرڈیننس 1999 میں ترمیم کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے آج ہی کے اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے الیکشن اور اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے سے متعلق سابقہ حکومت کی پاس کی گئی ترامیم سے متعلق بل بھی کثرت رائے سے منظور کیا تھا۔