2 فٹ 5 انچ کے ساتھ دنیا کے سب سے چھوٹے قد کا عالمی ریکارڈ نیپالی نوجوان کے نام

دور بہادر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کا سرٹیفکیٹ لیتے ہوئے / فوٹو بشکریہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ
دور بہادر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کا سرٹیفکیٹ لیتے ہوئے / فوٹو بشکریہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ

نیپال سے تعلق رکھنے والے دور بہادر کھاپانگی نے دنیا کے سب سے چھوٹے قد والے نوجوان کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے کھٹمنڈو سے تعلق رکھنے والے دور بہادر کو سرٹیفکیٹ دیا گیا۔

اس نوجوان کی عمر 18 سال کے قریب ہے اور اس کا قد 2 فٹ 5 انچ ہے اور اس کو دیے جانے والا سرٹیفکیٹ اس کے سینے تک آرہا تھا۔

اس نوجوان کی عمر اب 18 سال ہونے والی ہے / اے پی فوٹو
اس نوجوان کی عمر اب 18 سال ہونے والی ہے / اے پی فوٹو

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے مارچ میں دور بہادر کو اس وقت حیات سب سے چھوٹے قد والا نوجوان قرار دیا تھا اور اب اس کا سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے۔

2004 میں پیدا ہونے والے دور بہادر کے والدین کاشتکار ہیں جبکہ اس کا ایک بھائی بھی ہے۔

دور بہادر سرٹیفکیٹ کے موقع پر تصویر کھچواتے ہوئے / رائٹرز فوٹو
دور بہادر سرٹیفکیٹ کے موقع پر تصویر کھچواتے ہوئے / رائٹرز فوٹو

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے بات کرتے ہوئے دور بہادر کے بڑے بھائی نارا بہادر نے کہا کہ اپنے بھائی کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز سرٹیفکیٹ ملنے پر میں بہت خوش ہوں۔

اس نے مزید کہا کہ دور بہادر پیدائش کے وقت ٹھیک تھا مگر 7 سال کی عمر کے بعد سے اس کی جسمانی نشوونما رک گئی ، ہم نہیں جانتے کہ اس کی وجہ کیا ہے۔

دور بہادر اپنے بھائی کے ساتھ / فوٹو بشکریہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ
دور بہادر اپنے بھائی کے ساتھ / فوٹو بشکریہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ

اس سے قبل یہ عالمی ریکارڈ نیپال کے ہی فرد Khagendra تھاپا مگر کے پاس تھا جس کا قد 2 فٹ 2 انچ تھا اور وہ 2020 میں 32 سال کی عمر میں چل بسا تھا۔