دنیا
Time 26 مئی ، 2022

ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی نے کمپنی کو خیرباد کہہ دیا

جیک ڈورسی / اے ایف پی فائل فوٹو
جیک ڈورسی / اے ایف پی فائل فوٹو

ٹوئٹر کے سابق سی ای او جیک ڈورسی نے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر زکو چھوڑ دیا  جس کے بعد اس سوشل نیٹ ورک پلیٹ فارم سے ان کا تعلق بھی ختم ہوگیا ہے۔

25 مئی کو ٹوئٹر کے شیئر ہولڈز کے اجلاس میں جیک ڈورسی نے یہ فیصلہ کیا۔

جیک ڈورسی ٹوئٹر کے شریک بانی ہیں اور پہلے سے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے خود کو دور کررہے تھے۔

2021 کے آخر میں انہوں نے سی ای او کا عہدہ چھوڑا تھا تاکہ وہ اسکوائر (اب بلاک) پر توجہ مرکوز کرسکیں۔

سی ای او کا عہدہ چھوڑنے کے بعد سے ہی جیک ڈورسی نے بورڈ سے بھی الگ ہونے کا منصوبہ بنالیا تھا اور کمپنی نے بتایا تھا کہ وہ اس وقت تک بورڈ کا حصہ رہیں گے جب تک 2022 کی شیئر ہولڈز کا اجلاس نہیں ہوجاتا۔

ٹوئٹر سے جیک ڈورسی کی علیحدگی سے ایک عہد کا اختتام ہوگیا کیونکہ وہ کمپنی کے آغاز سے ہی اس کے لیے کام کررہے تھے۔

یہ اس وقت ہوا جب اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو خریدے جانے کے امکان کے بعد توقع تھی کہ اس رئیل ٹائم سوشل نیٹ ورک میں کافی کچھ تبدیل ہوگا۔

دوسری جانب شیئر ہولڈز اجلاس میں کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایلون مسک کے ساتھی ایون ڈربن کو بورڈ سے نکالنے کا فیصلہ کیا۔

یہ ایک اور تنازع ہے جس سے ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو خریدنے کا عمل مزید متاثر ہوسکتا ہے، جو پہلے ہی وہ التوا میں ڈال چکے ہیں۔