28 مئی ، 2022
اسلام آباد مارچ کے دوران کارکنوں کو بڑی تعداد میں سڑکوں پر لانے میں ناکامی پر عمران خان پارٹی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے خفا ہو گئے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے اندر کی کہانی سامنے لائی گئی ہے۔
جیو نیوز کو موصول تفصیلات کے مطابق عمران خان نے لانگ مارچ کے لیے کم تعداد میں لوگوں کو سڑکوں پر نکالنے پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے جبکہ اراکین اسمبلی نے پارٹی چیئرمین کی جانب سے بغیر مشاورت کے 6 روز کی ڈیڈ لائن پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا آغاز 25 مئی کو صوابی سے ہوا تھا اور عمران خان نے ہر صورت ڈی چوک اسلام آباد پہنچنے کا اعلان کر رکھا تھا تاہم 26 مئی کی صبح ڈی چوک پہنچنے سے پہلے ہی عمران خان نے حکومت کو نئے الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے لیے 6 روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے دوبارہ اسلام آباد آنے کا اعلان کر دیا۔
گزشتہ روز پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم بغیر تیاری کے اسلام آباد گئے تھے لیکن اس بار ہم بھرپور تیاری کے ساتھ دوبارہ اسلام آباد جائیں گے اور پوری قوم میرے ساتھ ہو گی۔