28 مئی ، 2022
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کو تنقید نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نمبر بدل گیا ہے، اس لیےلانگ مارچ ناکام ہونے پر عمران خان سپریم کورٹ کو آواز دے رہا ہے جبکہ سپریم کورٹ کو ادب سے کہتی ہوں اِس کی سیاست سے دور رہیں۔
بہاولپور میں جلسہ عام سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ یوم تکبیر کا مطلب ہے پاکستان اپنی حفاظت کرنا جانتاہے، پاکستان کا کوئی دشمن میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، یوم تکبیر کا مطلب ہے پاکستان کی سرحدیں ہمیشہ کیلئے مضبوط ہیں، نواز شریف نے بھارت کے دھماکوں کے بدلے میں 6 ایٹمی دھماکے کیے، پاکستان کوایٹمی طاقت بنانےوالےلیڈرکانام نواز شریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان، سائنسدانوں، پی اے ای سی اور ذو الفقار علی بھٹو کو پاکستان کا خراج تحسین ہے، نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرنے کا فیصلہ کیا تو کس کس ملک نے دھمکی اور لالچ نہیں دی، کس کس ملک نے نہیں کہا کہ ایٹمی دھماکا نہیں کیا تو پتھر کےدور میں پہنچا دیں گے لیکن نواز شریف کی جرات کو سلام کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر دم لوں گا۔
ان کا کہنا تھاکہ نواز شریف نے کوئی جھوٹا خط نہیں لہرایا، کسی سازش کا ڈرامہ نہیں کیا، نوازشریف سیدھا پہنچا چاغی کے پہاڑوں میں اور آواز آئی اللہ اکبر، یہ ہوتی ہے خود داری، یہ ہوتی ہے آزادی اپنے ملک کو اتنی بڑی طاقت بنا دیا، ایٹمی دھماکوں کےبعدکسی میں ہمت نہیں ہوئی کہ پاکستان کومیلی آنکھ سےدیکھ سکے۔
عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھاکہ نواز شریف نے اس ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور کیے، نواز شریف کی خدمت پرتنقید کرکے سیاست کرنے والے فتنہ خان تم نے سوائےمہنگائی کےکیاکیا؟ کسی ملک کو تمہارے خلاف سازش کرنے کی کیا ضرورت پیش آئی؟ تم نے پاکستان کو گروی رکھوانے کے سوا کیا کیا؟ کوئی ایک کام بتادوتمہارے خلاف کسی ملک کوسازش کرنےکی ضرورت کیاپڑی؟
ان کا کہنا تھاکہ آج پاکستان کو انتشار اور فتنے سے خطرہ ہے جس کا نام عمران خان ہے، آج پاکستان کو بیرونی نہیں اندرونی خطرہ ہے اور پاکستان کو خطرہ ہے تو فساد اور فتنے سے ہے۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھاکہ آج اس کا دوسرا لانگ مارچ بھی بری طرح ناکام ہوگیا، آج نمبر بدل گیا ہے، اس لیےلانگ مارچ ناکام ہونے پر عمران خان سپریم کورٹ کو آواز دے رہا ہے، سپریم کورٹ کو ادب سے کہتی ہوں اِس کی سیاست سے دور رہیں، کیا عدالتوں کا یہ کام رہ گیا کہ جہاں عمران ناکام ہو وہاں وہ مدد کیلئے آئیں؟ پہلے یہ منتیں کرکے اداروں کو سیاست میں دھکیلتا ہے، سپریم کورٹ کو ادب سے کہنا چاہتی ہوں اس فتنے سے دور رہے۔
ان کا کہنا تھاکہ بدترین ناکامی کے بعدکہتاہےمیرامارچ اس لیے ناکام ہواکہ تیاری نہیں تھی، کہتاتھابندےلانےکی تیاری نہیں تھی لیکن آگ لگانے کی تیاری تھی، اس نے اپنے فالوور کو اتنی گندی زبان سکھا دی ہے، اوپر سے مذہب کا لبادہ اوڑھ لیتا ہے اور اللہ کا نام لے کر عورتوں پر جملے کستا ہے، قاسم سوری کہہ رہا تھا ’خان صاحب‘ تھوڑا اسلامک ٹچ دے دیں۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ تم جہاد کررہے ہو تو اپنے بچوں کو برطانیہ میں کیوں بٹھایا ہوا ہے؟ کہتا تھا آلو پیاز کے ریٹ پتہ کرنے نہیں آیا، شہباز شریف، نواز شریف آلو پیاز کے ریٹ پتہ کرنے آئے ہیں، شہبازشریف کا کل خطاب سنا نہ کوئی گالی نہ مذہب کارڈ، نہ غداری کارڈ نہ تو تونہ میں میں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا تھا، اس کےکیے معاہدےکی وجہ سےہمیں تیل کی قیمتیں بڑھانی پڑیں، تم اپنی کارکردگی کا حساب نہیں دے سکتے کیونکہ ایسا کچھ کیا ہی نہیں، انقلاب والے پولیس، ڈنڈوں کےڈرسےگھروں میں دبک کرنہیں بیٹھ جاتے، پورے پاکستان سے 25ہزار لوگ بھی نہیں نکلے، تم جھوٹ بولتے ہو کہ تیاری نہیں تھی، کے پی کے وسائل استعمال کیے۔
ان کا کہنا تھاکہ 30،35لاکھ اپنے ارکان اسمبلی کو دیے کہ بندے اکھٹے کرکے لاؤ، لوگوں کو ڈنڈے کھانے کیلئے چھوڑ کر ہیلی کاپٹر میں لٹکا رہا، چند مہینوں میں نواز اور شہبازشریف پاکستان کوبحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھاکہ عمران خان عدم اعتماد پر زرداری کی منتیں کررہے تھے، لانگ مارچ فیل ہونے لگا تو نوازشریف کی منتیں کرناشروع کردی تو انہوں نے کہہ دیا دھونس میں آئے گا نہ جتھوں کے دباؤ میں الیکشن کی تاریخ دے گا، تم نے کے پی کے اور گلگت بلتستان کے سرکاری وسائل استعمال کیے۔