29 مئی ، 2022
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سابق وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم نے جتنے ٹچ دینے تھے دے دیے، اب تمھاری کہانی میں جیل کا ٹچ باقی رہ گیا ہے۔
بہاولپور میں یوم تکبیر کے موقع پر جلسے سے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی تم نے انتشار پھیلایا، اگر تم نے دوبارہ انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو تمھیں جیل جانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی عمران نیازی نے ریڈ زون میں انتشار پھیلا یا تھا، بزدل آدمی ایک دن بھی اسلام آباد میں نہ بیٹھ سکا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اسے کہتے ہیں کھودا پہاڑ نکلا چوہا، عمران خان کی کال پر 25 لاکھ لوگ نہیں آئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایک صاحب عمران خان کے کان میں کہتا ہے، خان صاحب ذرا اسلامک ٹچ تو دو، یہ ان کا اصل چہرہ ہے، عمران خان تم نے جتنے ٹچ دینے تھے دے دیے، اب تمھاری کہانی میں جیل کا ٹچ باقی رہ گیا ہے۔
'آج لیک ہونے والی آڈیو نے بھانڈا پھوڑ دیا'
حمزہ شہباز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ آج لیک ہونے والی آڈیو نے بھانڈا پھوڑ دیا، تم جنہیں برا بھلا کہتے تھے، ان ہی سے حکومت بچانے کی بھیک مانگ رہے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران نیازی نے معیشت کا بیڑا غرق کیا، ہم کہیں گے تم خود کشی نہ کرنا ہم تمہیں سیاسی خود کشی پر مجبور کر دیں گے، تمہاری انا پاکستان سے بڑی ہے تو اسے مٹی میں دفن کردیں گے، عمران نیازی تم سے توشہ خانے یا فارن فنڈنگ کے بارے میں نہ پوچھا جائے، ایسا نہیں چلے گا۔