29 مئی ، 2022
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے متعلق ملک ریاض اور آصف زرداری کی مبینہ آڈیو کی پاکستان تحریک انصاف نے تردید کر دی۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ کاروباری شخص اور عمران خان کے مخالف سیاستدان آپس میں بات چیت کر رہے ہیں، بات چیت میں عمران خان سے منسوب باتوں کاحقیقت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کسی این آر او کی ضرورت نہیں، یہ تمام لوگ خان سے این آر او مانگتے رہے تھے جو انہیں نہیں ملا۔
خیال رہے کہ ملک ریاض کی سابق صدر آصف علی زرداری کے ساتھ گفتگو کی مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ مبینہ طور پر عمران خان سے متعلق گفتگو کر رہے ہیں۔
آڈیو میں کیا بات چیت ہوئی؟
ملک ریاض آڈیو میں یہ کہتے سنائی دے رہے ہیں کہ ’خان کے پیغامات آرہے ہیں کہ مصالحت کروادیں‘۔مبینہ آڈیو میں ملک ریاض کے ’اسلام علیکم سر‘ اور آصف زرداری کے ’وعلیکم اسلام، خیریت ‘ سے گفتگو کا آغاز ہوا۔
ملک ریاض نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ سر بس بتانا تھا، میں نے پہلے بھی آپ کو بتایا تھا، باتیں آپ سے کرنی ہیں، آپ نے کہا تھا بات نہیں کریں گے۔
پراپرٹی ٹائیکون نے آصف علی زرداری سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ ’آپ کو انفارمیشن دینی تھی، خان کے پیغامات آرہے ہیں کہ مصالحت کروادیں‘۔
ملک ریاض نے یہ بھی کہا کہ ’آج تو اُس نے مجھے بہت ہی مسیجز کیے ہیں کہ پیچ اپ کروادیں‘۔
پی پی کے شریک چیئرمین نے جواب دیا کہ اب امپاسیبل ہے نہ۔
اس پر ملک ریاض نے آخری جملہ یہ کہتے سنائی دے رہے ہیں کہ ’ نہیں ٹھیک ہے، بس آپ کے سامنے بات رکھ دی‘۔