وہ خطرناک اسٹنٹس جو ٹام کروز نے خود مختلف فلموں میں کیے

اداکار فلم ٹاپ گن : میورک کے ایک سین میں / اسکرین شاٹ
اداکار فلم ٹاپ گن : میورک کے ایک سین میں / اسکرین شاٹ

ٹام کروز فلموں میں اپنے اسٹنٹس خود کرتے ہیں جن میں سے کچھ تو دل دہلا دینے والے بھی ہیں۔

کسی طیارے کی سائیڈ پر لٹکنے، اسکائی ڈائیونگ، دنیا کی بلند ترین عمارت پر چڑھنا اور کئی منٹ تک سانس روکے رکھنا، ٹام کروز  خطرناک ترین اسٹنٹس کرنے سے گھبراتے نہیں۔

یہاں آپ ان کے چند بہترین اسٹنٹس کے بارے میں جان سکتے ہیں۔

دی ممی میں طیارے کاحادثے کا منظر

عام طور پر فلموں میں اس طرح کا سین کسی ایسے مقام پر ہوتا ہے جہاں ہر جگہ گرین اسکرین لگی ہوتی ہے اور کمپیوٹر کے ذریعے مطلوبہ ایفیکٹ شامل کردیا جاتا ہے۔

مگر 2017 کی اس فلم کے لیے ٹام کروز نے طیارے کے حادثے کے سین کو ناسا کے ایک ایسے طیارے میں فلمایا جس کو خلا بازوں کو کشش ثقل نہ ہونے پر خود کو سنبھالنے کی تربیت دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ہیلی کاپٹر اڑانا

مشن امپاسبل: فال آؤٹ کے اختتام پر ہیلی کاپٹر سے تعاقب کے منظر کے لیے ٹام کروز نے خود ہیلی کاپٹر اڑایا۔

اس مقصد کے لیے انہوں نے ہیلی کاپٹر کو اڑانے کے لیے درکار 2000 گھنٹے کی پرواز کے تجربے کے لیے روزانہ 16 گھنٹے تک پرواز کی تربیت حاصل کی۔

مگر ٹام کروز نے صرف ہیلی کاپٹر کو ہی نہیں اڑایا بلکہ 360 ڈگری ڈائیو بھی ان کا ہی کمال تھی ۔

ایف 18 طیارے میں سفر

فلم کا ایک سین / فوٹو بشکریہ پیراماؤنٹ پکچرز
فلم کا ایک سین / فوٹو بشکریہ پیراماؤنٹ پکچرز

ویسے تو ٹام کروز کو یہ طیارے اڑانے کی اجازت نہیں ملی مگر ایکشن مناظر کو ہر ممکن حد تک حقیقی بنانے کی کوشش کے لیے وہ کافی سخت تربیت سے گزرے اور فلم میں دکھائے گئے طیاروں کے کرتبوں کے دوران اداکار بھی پائلٹ کے پیچھے بیٹھے ہوئے تھے۔

پہاڑی چڑھنا

2000 کی فلم مشن امپاسبل 2 کے پہلے منظر میں ٹام کروز کو ایک پہاڑی پر ہاتھوں سے چڑھتے ہوئے دکھایا گیا تھا اور ہاں یہ واقعی اداکار خود تھے۔

امریکی ریاست یوٹاہ کی اس پہاڑی کو ٹام کروز نے ہاتھوں سے ہی سر کیا البتہ گرنے سے بچانے کے لیے ایک رسی ضرور بندھی ہوئی تھی ، انہوں نے ایک سے دوسری پہاڑی پر 15 فٹ کی جمپ بھی خود لگائی۔

زیرآب سانس روکنا

مشن امپاسبل روگ نیشن کے ایک سین میں ٹام کروز کے کردار کو زیرآ ب جاکر ایک لاکر سے کمپیوٹر چپ کو نکالنا تھا ۔

اس سین کے لیے ٹام کروز نے 120 اوپر سے 20 فٹ گہرے پانی کے ٹینک میں چھلانگ لگائی اور سین کے لیے 6 منٹ تک اپنی سانس کو روکے رکھا۔

عمارات کے درمیان چھلانگ

مشن امپاسبل فال آؤٹ کے ایک سین میں ٹام کروز کا اسٹنٹ غلط ہوگیا تھا۔

ایک سے دوسری عمارت پر چھلانگ لگاتے ہوئے ٹام کروز دیوار سے ٹکرا گئے اور ٹخنہ ٹوٹ گیا ، جس کے بعد فلم کی عکسبندی کئی ماہ تک رکی رہی جبکہ ڈاکٹروں نے خیال ظاہر کیا تھا کہ ٹام کروز کے بھاگ دوڑ کے دن پورے ہوگئے، مگر چند ہفتوں بعد اداکار ایک بار پھر فلم میں دوڑتے نظر آئے۔

دنیا کی بلند ترین عمارت پر چڑھنا

دبئی میں واقع برج الخلیفہ دنیا کی بلند ترین عمارت ہے اور ٹام کروز مشن امپاسبل گھوسٹ پروٹوکول کے ایک سین کے لیے اس پر 1700 فٹ چڑھے تھے ۔

طیارے پر لٹکنا

مشن امپاسبل روگ نیشن کے آغاز میں ٹام کروز کو ایئر بس اے 400 ایم طیارے کی سائیڈ پر دروازے سے لٹکتے ہوئے دکھایا گیا تھا ۔

انہوں نے یہ اسٹنٹ خود کیا اور اس دوران طیارہ 100 ناٹ کی رفتار سے ایک ہزار فٹ اوپر چلا گیا تھا ، جس کے باعث اداکار کو بچانے کے لیے تار سے ان کو باندھا گیا تھا ۔

اس سین کو فلمانے میں کافی تاخیر ہوئی اور ٹام کروز کو 8 بار یہ اسٹنٹ کرنا پڑا۔

ٹوٹے ہوئے ٹخنے کے ساتھ اسکائی ڈائیو

مشن امپاسبل فال آؤٹ کی شوٹنگ کے دوران جب ٹام کروز کا ٹخنہ کچھ بہتر ہوگیا تو انہوں نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا اسٹنٹ کیا۔

فلم کے ایک سین کے لیے ہالو جمپ (جس میں پیراشوٹ کو بہت کم بلندی پر کھولا جاتا ہے) کا سین ٹام کروز نے خود کیا اور اس کو پرفیکٹ بنانے کے لیے 2 ہفتوں تک 106 بار چھلانگ لگائی پھر جاکر وہ مطمئن ہوئے۔

مزید خبریں :