مارک زکربرگ اپنے اربوں ڈالرز کو کس طرح خرچ کرتے ہیں؟

مارک زکر برگ اور ان کی اہلیہ پریسیلا / اے پی فوٹو
مارک زکر برگ اور ان کی اہلیہ پریسیلا / اے پی فوٹو

فیس بک یا یوں کہہ لیں کہ میٹا کے بانی مارک زکربرگ دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 29 مئی کی شب تک 72 ارب ڈالرز سے زیادہ تھی۔

ویسے ان کی تصاویر دیکھ کر تو محسوس ہوتا ہے کہ وہ زیادہ پیسے خرچ کرنا پسند نہیں کرتے کیونکہ وہ اکثر سادہ گرے ٹی شرٹس ہی پہنے نظر آتے ہیں جبکہ کمپنی کی جانب سے انہیں محض ایک ڈالر تنخواہ دی جاتی ہے۔

مگر ان کی دولت میں اضافہ فیس بک یا میٹا میں ان کے 13 فیصد حصص کے باعث ہوتا ہے۔

مارک زکربرگ کی ٹریڈ مارک شرٹ / رائٹرز فوٹو
مارک زکربرگ کی ٹریڈ مارک شرٹ / رائٹرز فوٹو

عام تاثر کے برعکس 38 سالہ ارب پتی اپنی زندگی بہت شاہانہ انداز سے گزارتے ہیں۔

ان کی جائیدادوں کی مالیت ہی مختلف رپورٹس کے مطابق 32 کروڑ ڈالرز سے زیادہ ہے جبکہ ایک زمانے میں افواہ تھی کہ وہ 15 کروڑ ڈالرز کی ایک لگژری یاٹ بھی خرید رہے ہیں۔

افواہوں سے قطع نظر فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے مالک کے مصدقہ قیمتی ترین اثاثے بھی دنگ کردینے والے ہیں۔

ریاست ہوائی میں 18 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز کی زمین

کوائی کا ایک ساحل / اے پی فوٹو
کوائی کا ایک ساحل / اے پی فوٹو

فوربز کے مطابق 2014 میں مارک زکربرگ نے ریاست ہوائی کے جزیرے کوائی میں 707 ایکڑ زمین 11 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز میں خریدی تھی ، اس زمین میں اس جگہ کے ساحل کا بیشتر حصہ بھی شامل تھا ۔

اس کے بعد مارچ 2021 میں مارک زکربرگ نے کوائی کے شمالی ساحلی حصے میں 5 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کے عوض 600 ایکڑ زمین خریدی جس میں ایک عوامی ساحل اور مویشیوں کا فارم بھی شامل ہے۔

کوائی کے ساحل کا ایک منظر / اے پی فوٹو
کوائی کے ساحل کا ایک منظر / اے پی فوٹو

6 مہینے بعد انہوں نے 110 ایکڑ زرعی زمین کو بھی ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالرز میں خریدا جس میں وہاں کا ایک ڈیم بھی شامل تھا۔

کیلیفورنیا میں عالیشان گھر

مارک زکربرگ کا عالیشان گھر / انسٹاگرام فوٹو
مارک زکربرگ کا عالیشان گھر / انسٹاگرام فوٹو

مارک زکربرگ اپنے خاندان کے ساتھ جس عالیشان گھر میں رہتے ہیں وہ انہوں نے 2011 میں 70 لاکھ ڈالرز کے عوض خریدا تھا جو پالو آلٹو نامی علاقے میں ہے۔

5 بیڈروم والے اس مینشن میں ایک بڑا باغ، پول، انٹرٹینمنٹ پویلین، آتشدان، باربی کیو ایریا، اسپا اور روبوٹ بٹلر جیسی آسائشات موجود ہیں ۔

اس کے بعد انہوں نے قریب واقع 4 گھروں کو خرید کر انہیں بھی نئے سرے سے تیار کیا جس سے گھر کی مالیت میں 5 کروڑ ڈالرز کا مزید اضافہ ہوگیا ۔

ان گھروں کو عام طور پر گیسٹ ہاوس اور دیگر چیزوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

چند سال بعد انہوں نے خاموشی سے کیلیفورنیا کی لیک Tahoe میں 2 جائیدادیں 5 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز میں خریدیں ۔

لیک Tahoe میں مارک زکربرگ کی ایک جائیداد / یوٹیوب اسکرین شاٹ
لیک Tahoe میں مارک زکربرگ کی ایک جائیداد / یوٹیوب اسکرین شاٹ

ان میں سے ایک 8 بیڈروم پر مشتمل 1930 کی دہائی میں تعمیر ہونے والا گھر تھا جس کے حصے میں جھیل کے کنارے کا 60 میٹر حصہ بھی آیا ۔

دوسرا 6 بیڈروم کا گھر تھا جو 1960 کی دہائی میں تعمیر ہوا اور اس کے حصے میں جھیل کے کنارے کا 120 میٹر حصہ تھا، دونوں گھروں کا رقبہ 10 ایکڑ کے قریب ہے۔

سیکیورٹی اور ذاتی طیاروں پر کروڑوں ڈالرز کا خرچہ

مارک زکربرگ کی سیکیورٹی اور سفر پر ہر سال کروڑوں ڈالرز خرچ ہوتے ہیں / فوٹو بشکریہ مارک زکربرگ انسٹاگرام پیج
مارک زکربرگ کی سیکیورٹی اور سفر پر ہر سال کروڑوں ڈالرز خرچ ہوتے ہیں / فوٹو بشکریہ مارک زکربرگ انسٹاگرام پیج

دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک کو محفوظ رکھنے کے لیے میٹا نے 2021 میں ڈیڑھ کروڑ ڈالرز خرچ کیے تاکہ کمپنی کے سی ای او کو ان کے گھر اور سفر کے دوران محفوظ رکھا جاسکے۔

مگر اس میں وہ ایک کروڑ ڈالر کا بل شامل نہیں جو ان کے خاندان کی سیکیورٹی پر خرچ ہوتا ہے جبکہ 16 لاکھ ڈالرز وہ اپنے ذاتی طیارے پر خرچ کرچکے ہیں۔

14 لاکھ ڈالرز کی گاڑی

یہ وہ گاڑی نہیں مگر ماڈل یہی ہے / انسٹاگرام فوٹو
یہ وہ گاڑی نہیں مگر ماڈل یہی ہے / انسٹاگرام فوٹو

عام طور پر میٹا کے سی ای او کم قیمت گاڑیوں جیسے ہونڈا فٹ پر سفر کرتے ہیں مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کے پاس مہنگی گاڑیاں نہیں۔

ان میں سب سے خاص 14 لاکھ ڈالرز کی Pagani Huayra نامی گاڑی ہے ۔

2 نشستوں کی اس گاڑی کے دروازے تتلی کے انداز کے ہیں اور فرنٹ ڈیزائن بہت منفرد ہے۔

اس میں موجود خاص ٹوئن ٹربو وی 12 انجن اسے 800 ہارس پاور فراہم کرتے ہیں۔

مگر آسائشات سے ہٹ کر مارک زکربرگ ان 200 سے زیادہ امیر افراد میں شامل ہیں جو اپنی دولت کا بیشتر حصہ فلاحی کاموں پر خرچ کرنے کا وعدہ کرچکے ہیں۔

مارک زکربرگ نے بل گیٹس اور دیگر افراد کے ساتھ اثاثے عطیہ کرنے کا وعدہ کیا / رائٹرز فوٹو
مارک زکربرگ نے بل گیٹس اور دیگر افراد کے ساتھ اثاثے عطیہ کرنے کا وعدہ کیا / رائٹرز فوٹو

مارک زکربرگ اپنی زندگی میں اپنے فیس بک کے 99 فیصد حصص فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جن کو چن زکربرگ اینیشیٹیو نامی ادارے کے تحت مختلف فلاحی کاموں پر خرچ کیا جائے گا۔