30 مئی ، 2022
بالی وڈ کنگ شاہ رخ کے بیٹے آریان خان معروف ہدایت کار کرن جوہر کی برتھ پارٹی میں خراب موڈ کے ساتھ شرکت کے بعد ایک بار پھر تنقید کا شکار ہیں۔
اب اس حوالےسے شاہ رخ خان کے قریبی دوست کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انہیں آریان سے متعلق بات کرتے دیکھا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ کے قریبی دوست نے آریان کے حوالے سے کہاکہ آریان کو اکیلا چھوڑدیں، آپ نے اس بچے کی خوشیاں چھین لی ہیں اور اب چاہتے ہیں کہ وہ کیمرے پر خوشیاں بکھیرتے ہوئے نظر آئے، اسے اکیلا چھوڑدیں وہ ابھی صرف 24 سال کا ہے، وہ زندگی سے خوفزدہ ہے اور آپ چاہتے ہیں کہ وہ آپ کے لیے مسکرائے، اسے تھوڑا وقت دیں۔
شاہ رخ کے قریبی دوست نے انکشاف کیا کہ آریان اب بھی آدھی رات کو اس وقت کے خوف سے ڈر کر جاگ جاتا ہے جو اس نے ایک ماہ تک منشیات کیس کے دوران گرفتاری میں گزارا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آریان اس واقعے کے بعد کسی پارٹی میں شریک ہونا نہیں چاہتا کیونکہ وہ اس واقعے کے بعد کسی بھی قسم کے سماجی میل جول سے خوفزدہ ہے، یہی وجہ ہے کہ آریان خان کسی پارٹی میں شریک ہونا نہیں چاہتا۔
شاہ رخ کے قریبی دوست کے مطابق آریان کرن جوہر کی پارٹی میں شریک نہیں ہونا چاہتا تھا لیکن چونکہ کرن کے شاہ رخ کی فیملی سے قریبی تعلقات ہیں لہٰذا اسے اس پارٹی میں شرکت کرنا پڑی۔
یاد رہے کہ حال ہی میں آریان خان کو منشیات کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نےکلین چٹ دے دی ہے۔