01 جون ، 2022
گزشتہ شب بالی وڈ کے مایہ ناز گلوکار کرشنا کمار کناتھ المعروف کے کے کی اچانک موت نے ان کے مداحوں سمیت بالی وڈ کے فنکاروں کو افسردہ کردیا۔
کے کے بھارتی شہر کولکتہ میں لائیو کانسرٹ کررہے تھے کہ انہیں اپنی طبیعت بگڑتی محسوس ہوئی، گلوکار نے فوری طور پر اپنے منیجر کو بلایا جس کی ویڈیو بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کانسرٹ کے شرکا نے اپنے بیان میں بتایا کہ کانسرٹ کی جگہ کا اے سی کام نہیں کررہا تھا جس کے باعث کے کے گھبراہٹ کا شکار ہوئے تاہم جب انہیں مقامی اسپتال لے جارہا تھا تو وہ جانبر نہ ہوسکے اور راستے میں ہی انتقال کرگئے۔
ڈاکٹروں کے مطابق 53 سالہ کے کے کو دل کا دورہ پڑا لیکن وہ کانسرٹ سے قبل وہ بالکل صحت مند تھے۔
کے کے کی زندگی کا گایا گیا آخری گانا
گلوکار کی کانسرٹ کے دوران ایک اور ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ گانا 'ہم رہیں یا نا رہیں کل' گارہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر کے کے کی اچانک موت کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل رہی ہے جب کہ چند صارفین نے تو اس خبر کو جھوٹا بھی قرار دیا ہے۔