01 جون ، 2022
بھارت کے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سدھو موسے والا کے قتل کے بعد خدشہ ہے کہ اب گینگسٹر لارینس بشنوئی کے نشانے پر سلمان خان ہیں، اسی لیے اداکار کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
ممبئی پولیس کے ترجمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سلمان خان کے گھر کے اطراف بھی سخت سکیورٹی کا مکمل انتظام کردیا گیا ہے اور اداکار کے گھر کو مسلسل مانیٹر کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے والے گینگ کے سرغنہ لارینس بشنوئی نے چند سال قبل سلمان خان کو بھی جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔