عمران خان پاکستان کا بال ٹھاکرے اور پی ٹی آئی آر ایس ایس کا دوسرا نام ہے: حافظ حمد اللہ

پی ٹی آئی ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گی لیکن پاکستان پھربھی قائم رہےگا: ترجمان پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ. فوٹو فائل
پی ٹی آئی ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گی لیکن پاکستان پھربھی قائم رہےگا: ترجمان پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ. فوٹو فائل

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمداللہ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیان پر  ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ٹکڑے ٹکڑے ہو  جائے گی لیکن پاکستان پھر بھی قائم رہےگا۔

گزشتہ روز عمران خان نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو فوج تباہ ہو جائے گی اور ملک کے تین ٹکرے ہو جائیں گے۔

عمران خان کے انٹرویو  پر سابق صدر  آصف علی زرداری نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی بھی پاکستانی اس ملک کے ٹکڑے کرنے کی بات نہیں کر سکتا۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ یہ زبان ایک پاکستانی کی نہیں بلکہ مودی کی ہے، عمران خان، دنیا میں اقتدار  ہی سب کچھ نہیں ہوتا، بہادر بنو اور اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر سیاست کرنا سیکھ لو۔

اب پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے بھی عمران خان کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گی لیکن پاکستان پھربھی قائم رہےگا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ملک کے خلاف یہ زبان محب وطن شخص کی نہیں بلکہ وطن دشمن شخص کی ہے، عمران نیازی پاکستان کا بال ٹھاکرے اورپی ٹی آئی آر ایس ایس کا دوسرا نام ہے۔

حافظ حمداللہ نے کہا کہ عمران نیازی کرسی اور اقتدار کی ہوس میں پاکستان اور فوج توڑنے کی باتیں کرنے لگے ہیں، پاکستان اور فوج توڑنے کی بات کر کے ثابت ہوا کہ عمران نیازی بیرونی ملک دشمن عالمی قوتوں کا ایجنٹ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ پی ڈی ایم، اتحادی جماعتیں اور پوری قوم آپ کی سیاست کو ختم کرکے دم لے گی۔

مزید خبریں :