وزیراعظم نے بہاؤ الدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے زیادتی کے واقعے کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم نے متاثرہ خاتون کو مکمل انصاف فراہم کرنے اور گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دینے کا حکم دیا ہے۔ فوٹو فائل
وزیراعظم نے متاثرہ خاتون کو مکمل انصاف فراہم کرنے اور گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دینے کا حکم دیا ہے۔ فوٹو فائل 

وزیراعظم شہباز  شریف نے بہاؤالدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرین میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ریلوے حکام سے رپورٹ طلب کی ہے اور متاثرہ خاتون کو مکمل انصاف فراہم کرنے کے ساتھ گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلوانے کا حکم دیا ہے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ریلوے سکیورٹی کے طریقہ کار میں تبدیلیاں بھی تجویز کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے اسٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی کی سربراہی میں پی ایم اسٹریٹجک ریفارمز  کمیٹی نے ریلوے کی سکیورٹی کے طریقہ کار میں تبدیلیاں تجویز کی ہیں۔

پی ایم اسٹریٹجک ریفارمز کمیٹی کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ لیڈی ریلوے پولیس کی ٹیمیں ٹرین اسٹیشنوں پر تعینات کی جائیں، خاتون مسافروں کی رہنمائی اور سکیورٹی کے لیے "سفر سہیلی" موبائل ایپ لانچ کی جائے۔

یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ پرنٹ شدہ ٹکٹوں پر ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی ہدایات اور ایمرجنسی نمبر پرنٹ کیا جائے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ملتان سے کراچی آنے والی بہاؤالدین زکریا ایکسپریس میں عملے کے 3 افراد کی جانب سے خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خاتون سے زیادتی کے الزام میں ملوث 2 افراد اور ٹرین کے 4 سکیورٹی گارڈز سمیت ایک مشکوک شخص کو حراست میں لیکر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

مزید خبریں :