02 جون ، 2022
کراچی ساؤتھ کے درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس میں خیابان راحت پر نامعلوم ملزمان نے بنگلا دیشی قونصل خانے کے فرسٹ سیکرٹری کی گاڑی سے سامان چوری کرلیا۔
گاڑی کے شیشے توڑ کر لیپ ٹاپ، موبائل فون، نقد رقم اور دیگر سامان چوری کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 312 درخشاں تھانے میں نبیل علی کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔
مدعی کے مطابق وہ کورنگی کا رہائشی ہے اور اس کی گاڑی نمبر بی ایف جے 392 بنگلا دیشی قونصل خانے میں کنٹریکٹ پر چلتی ہے۔ 27 مئی کو وہ بنگلادیشی قونصل خانے کے فرسٹ سیکرٹری عتیق الرحمان کے ہمراہ ڈیفنس میں تھا اور فیز 6 میں 32 اسٹریٹ پر گاڑی کھڑی کرکے نماز پڑھنے کیلئے قرآن اکیڈمی چلا گیا۔
مدعی نے بتایا کہ جب وہ واپس آیا تو گاڑی کا پچھلا شیشہ ٹوٹا ہوا تھا، چیک کیا تو اس میں سے لیپ ٹاپ، موبائل فون اور نقدی غائب تھی۔
پولیس کے مطابق اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔