02 جون ، 2022
تحریک انصاف کے دور میں وزیر خزانہ رہنے والے شوکت ترین کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کو عوام کی سبسڈی پر کلہاڑی نہیں مارنے دیں گے۔
تحریک انصاف کے شوکت ترین کا سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ کو آئی ایم ایف کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا، اس کے بغیر ورلڈبینک، ایشین بینک، چین، سعودی عرب سمیت کوئی سپورٹ نہیں کرےگا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 6 ہفتوں کے جمود نے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا، بھارت اور سری لنکا بھی روس سے سستے داموں پیٹرول خرید رہے ہیں، روس سے سستے داموں پیٹرولیم مصنوعات کیوں نہیں خریدی جارہی ہے؟
سینیٹ اجلاس سے خطاب میں وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا نے کہاکہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے جو وعدے کیے اس کے الٹ کام کر گئے، سابقہ حکومت نے پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کی بجائے الٹا سبسڈی دی جو ریفارم لے کر آرہے ہیں اس سے صورتحال میں بہتری آئے گی۔