پاکستان

ایون فیلڈ ریفرنس، نیب کی جانب سے مریم نوازکی اپیل پر سماعت ملتوی کرنےکی استدعا مسترد

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نیب کی جانب سے مریم نواز اورکیپٹن ریٹائرڈ  صفدر کی اپیلوں پر  سماعت ملتوی کرنےکی استدعا  مسترد کردی، عدالت نے ریمارکس دیےکہ کیا چیئرمین نیب کے جانےکے بعد نیب ختم ہوگیا؟ 

جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔

نیب کی جانب سے مریم نواز اورکیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی اپیلوں پر سماعت ملتوی کرنےکی استدعا کی گئی جسے مسترد کردیا گیا۔

جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ کیا چیئرمین نیب کے جانےکے بعد نیب ختم ہوگیا؟ کیا آپ کہنا چاہتے ہیں کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد نیب کا مؤقف بھی تبدیل ہوسکتا ہے۔

 مریم نواز کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ آمدن اور اثاثوں کی قیمت کے تعین کے بغیر اثاثہ جات کیس میں کیسے سزادی جاسکتی ہے؟  ہمیں والیم ٹین کی دستاویزات کی فراہمی سے انکار کیا گيا جبکہ مؤکل کو سزا انہی خطوط پر دی گئی۔

 اس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیےکہ والیم 10 کا ریکارڈ نہیں دیا گیا تو وہ آپ کے خلاف استعمال نہیں ہوسکتا، جو ڈاکیومنٹ کسی ملزم کےخلاف استعمال ہونا ہیں وہ تو ملزم کودینا ہوتا ہے تاکہ ملزم اپنا دفاع کرلے۔

 امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا میں تو اخبارات پڑھ کر کامن سینس سے جرح کرتا رہا، جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے ملزم ٹرائل میں عدالت کا فیورٹ چائلڈ اور ڈارلنگ ہوتا ہے۔

امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا اس کیس میں انصاف کا قتل ہوا، اپیل کی مزید سماعت 9 جون کو ہوگی ۔

مزید خبریں :