04 جون ، 2022
سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے 2006 کراچی ٹیسٹ میں سچن ٹنڈولکر کو زخمی کرنے کیلئے باضابطہ پلاننگ کرنے کا اعتراف کرلیا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں شعیب اختر نے انکشاف کیا کہ ’میں 2006 کے کراچی ٹیسٹ میں سچن ٹنڈولکر کو زخمی کرنا چاہتا تھا، میں نے اپنے کپتان انضمام الحق کو کہا بھی کہ سچن ٹنڈولکر کو زخمی کرنا چاہتا ہوں، میں نے جب سچن ٹنڈولکر کو ہیلمٹ پر گیند ماری تو مجھے لگا کہ سچن ٹنڈولکر جان سے گئے۔‘
شعیب اختر نے مزید کہا کہ ’کراچی ٹیسٹ 2006 میں دو بار سچن ٹنڈولکر کو زخمی کرنے کی کوشش کی تھی۔‘
اسی انٹرویو میں شعیب اختر نے کہا کہ ’ بھارت کے اس دورہ پاکستان میں محمد آصف کے سامنے راہول ڈریوڈ کو کھیلنے میں مشکل پیش آرہی تھی، محمد آصف ایک جادوگر فاسٹ بولر تھے، محمد آصف کے سامنے خود کو میں ایک معمولی فاسٹ بولر محسوس کر رہا تھا۔‘
شعیب اختر نے بتایا کہ 2006 کراچی ٹیسٹ میں محمد آصف نے ساتھی کھلاڑیوں کو پہلے ہی بتادیا تھا کہ وہ کس طرح وی وی ایس لکشمن کو آؤٹ کریں گے، کراچی ٹیسٹ 2006 میں محمد آصف نے جیسا کہا ویسے ہی لکشمن کو آؤٹ کرکے دکھایا، محمد آصف نے ایک ہی طرح کی ڈیلیوری سے دونوں اننگز میں لکشمن کو آؤٹ کیا۔
راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے کہا کہ ’انتہائی دکھ ہوا جب محمد آصف نے خود کو میچ فکسنگ میں پھنسا کر تباہ کرلیا، فاسٹ بولنگ میں محمد آصف کا معیار وسیم اکرم جتنا تھا، اس معیار کے بولر دنیا میں دو ہی آئے ہیں ایک لیفٹ آرم وسیم اکرم اور دوسرا رائٹ آرم محمد آصف۔‘