Time 05 جون ، 2022
صحت و سائنس

ویکسین کی 3 خوراکیں کووڈ کے خلاف زیادہ مؤثر، تحقیق

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / رائٹرز فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / رائٹرز فوٹو

کووڈ ویکسین کی 3 خوراکیں بہت زیادہ بیمار ہونے سے بچانے میں اہم ترین کردار ادا کرتی ہیں۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی جس میں بتایا گیا کہ چاہے آپ 2 مختلف ویکسینز کی 3 خوراکیں استعمال کریں، کووڈ کی سنگین پیچیدگیوں اور اسپتال میں داخلے سے ٹھوس تحفظ ملے گا۔

تحقیق کے مطابق ایم آر این اے ویکسینز کی 3 خوراکیں بہت زیادہ بیمار ہونے سے بچانے کے لیے 96 فیصد جبکہ اسپتال میں داخلے کا خطرہ کم کرنے کے لیے 95 فیصد تک مؤثر ہوتی ہیں۔

برٹش میڈیکل جرنل میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ کسی بھی ویکسین کی 2 خوراکیں استعمال کرنے کے بعد کسی ایم آر این اے ویکسین کا بوسٹر ڈوز کووڈ سے بچانے کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں ہانگ کانگ یونیورسٹی کے ماہرین نے عالمی ادارہ صحت کے کووڈ 19 ڈیٹابیس کی جانچ پڑتال کی اور 10 کروڑ سے زیادہ افراد پر ہونے والی 53 تحقیقی رپورٹس کو دریافت کیا۔

ان تحقیقی رپورٹس میں کووڈ سے تحفظ کے لیے ویکسینیشن کرانے والے افراد کو شامل کیا گیا تھا۔

ان افراد کو 7 مختلف اقسام کی ویکسینز استعمال کرائی گئی تھیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ ویکسین کی 3 خوراکیں ہر عمر کے افراد کی قوت مدافعت بہتر بناتی ہیں۔

یہی بات ان افراد میں بھی دریافت ہوئی جن کا مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے۔

محققین نے کہا کہ ویکسینز اومیکرون کی مختلف اقسام کے خلاف کس حد تک مؤثر ہے اس بارے میں یقین سے کچھ کہنا ابھی ممکن نہیں، مگر ہمیں اعتماد ہے کہ ویکسین کی 3 خوراکوں سے وائرس کی مختلف اقسام کی روک تھام ہوسکتی ہے۔

مزید خبریں :