دنیا
Time 05 جون ، 2022

بی جے پی ترجمان کا گستاخانہ بیان، قطر اورکویت نے بھارتی سفیروں کو طلب کرلیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان کی جانب سے اسلام اور  نبی کریمﷺکی شان میں گستاخی پر عرب ممالک میں عوام کی جانب سے شدید احتجاج کے بعد سرکاری سطح پر بھی ردعمل سامنے آرہا ہے۔

 بی جے پی ترجمان کی جانب سےگستاخانہ بیان پر قطر نے بھارت کے سفیرکو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق دوحا میں بھارتی سفیر کو  طلب کرکےگستاخانہ بیان پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔

قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ بھارتی حکمران جماعت کی ترجمان کے بیان کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔

ادھر قطرکے بعدکویت نے بھی بھارت کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔

کویتی وزارت خارجہ کے مطابق بھارتی سفیرکودین اسلام سے متعلق گستاخانہ بیان پر احتجاجی مراسلہ دیاگیا۔

کویتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکمران جماعت کی ترجمان کے بیان کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔

خیال رہےکہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اسلام اور نبی کریمﷺکے حوالے سے متنازع گفتگو کی تھی۔

بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک شدیدغم وغصےکا اظہارکیا جارہا ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان کی جانب سے نبی کریمﷺکی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئےکہا ہےکہ ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ فاشسٹ مودی کی قیادت میں بھارت مذہبی آزادی پامال کر رہا ہے، بھارت میں مسلمانوں پر شدید ظلم و ستم جاری ہے، دنیا بھارتی انتہا پسندی کا نوٹس لے۔

دوسری جانب عرب ممالک میں عوام کی جانب سے سخت احتجاج کیا جارہا ہے، مصر، سعودی عرب، قطر، بحرین اورکویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم چل پڑی ہے اور بھارت سے درآمد شدہ اشیاء استعمال نہ کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔

مفتی اعظم عمان احمد بن حمد الخليلی نے بھارتی اشیاءکا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہےکہ بی جے پی ترجمان کا یہ اقدام ہر مسلمان کے خلاف ہے، اس پر مشرق سے مغرب تک تمام مسلمانوں کو ایک ہونا چاہیے۔

مزید خبریں :