06 جون ، 2022
پاکستان کے ممتاز صنعتکار میاں محمد منشا نے کہا ہے کہ سن رہا ہوں مڈل ایسٹ کی کمپنی گیس کے لیے 3 بلین ڈالر دے گی اور 2 بلین ڈالر قومی خزانے کو دے گی جب کہ خلیجی ملک پاکستان کو 3 ارب ڈالر کی گیس ادھار دے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں بات کرتے ہوئے میاں منشا نے کہا کہ لاہور ائیرپورٹ کی تین ماہ میں نجکاری کی جا سکتی ہے کیونکہ دنیا کے سارے بڑے ائیرپورٹ نجی شعبے کے پاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کی شرح اب 10 فیصد سے نیچے نہیں جانی چاہیے، امریکا میں بھی ریل، اسٹیل اور تیل کے بڑے سرمایہ کار تھے جنہوں نے اپنے ملک کو آگے بڑھایا، بہت سارے ممالک میں تجارتی خسارے ہوتے ہیں، ہم کیوں اس سے گھبراتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب کا مسئلہ بھی اب حل ہو چکا ہے اور نیب کا مسئلہ ختم ہونے سے ہراسگی کا معاملہ ختم ہوچکا، احد چیمہ نے بیوروکریسی سے استعفیٰ دیا، ان جیسے بیوروکریٹس کو کام کا موقع ملنا چاہیے، پاکستان کا مسئلہ کرپشن نہیں نا اہلی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں میاں منشا کا کہنا تھاکہ کالا باغ ڈیم بننے کی بات ہو جائے تو کتنی بڑی خبر ہوگی، غازی بروتھا ڈیم کو کیوں نہیں نجی شعبے کے حوالے کیا جاتا؟