ایپل کے 2 لیپ ٹاپ اور آئی او ایس 16 آپریٹنگ سسٹم متعارف

نیا میک بک ائیر / فوٹو بشکریہ ایپل
نیا میک بک ائیر / فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل نے اپنے سالانہ ایونٹ ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی کے موقع پر آئی فونز کے لیے نئے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 16 ، 2 نئے لیپ ٹاپ، آئی پیڈ اور اسمارٹ واچ کے لیے نئے آپریٹنگ سسٹمز کو متعارف کرایا ہے۔

میک بک ائیر اور میک بک پرو 13

طویل عرصے بعد ایپل کی جانب سے میک بک ائیر کو ری ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس میں نئی ایم 2 چپ کا اضافہ کیا ہے۔

اس لیپ ٹاپ میں 13.6 انچ کا لیکوئیڈ ریٹینا ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ 2 تھنڈر بولٹ پورٹس اور ایک آڈیو جیک بھی لیپ ٹاپ کا حصہ ہے۔

اسکرین میں 1080p ویب کیمرا دیا گیا ہے جبکہ کواڈ اسپیکر سسٹم بھی لیپ ٹاپ میں موجود ہے، 24 جی بی تک ریم اور 2 ٹی بی تک اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی چپ کی بدولت اس لیپ ٹاپ کی بیٹری لائف اور کارکردگی بہتر ہوئی ہے جبکہ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے لیے یو ایس بی سی پورٹ پر کام کرنے والا اڈاپٹر دیا گیا ہے۔

یہ لیپ ٹاپ جولائی میں صارفین کو دستیاب ہوگا جس کی قیمت 1199 ڈالرز (2 لاکھ 41 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔

اسی طرح 13 انچ اسکرین والے میک بک پرو میں بھی ایم 2 چپ دی گئی ہے اور کولنگ سسٹم کو بہتر بنایا گیا ہے۔

اس لیپ ٹاپ میں 24 جی بی تک ریم اور 20 گھنٹے بیٹری لائف جیسے فیچرز بھی دیے گئے ہیں، جبکہ اس کی اسٹوریج 2 ٹی بی تک ہوگی۔

یہ لیپ ٹاپ بھی جولائی میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کی قیمت 1299 ڈالرز (2 لاکھ 61 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔

آئی او ایس 16

آئی فون کے نئے آپریٹنگ سسٹم میں متعدد نئے فیچرز صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔

ایپل واچ جیسے ویجیٹس اور روٹیٹنگ فوٹوز کے ساتھ ساتھ لاک اسکرین کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔

اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں میسجز کی ایڈیٹنگ کے چند فیچرز بھی شامل ہوں گے جیسے غلطی سے میسج چلے جانے پر اسے ان ڈو (Undo)کرنا ممکن ہوگا۔

فیس ٹائم اور میسجز میں شیئرنگ کو آسان بنایا جائے گا اور لائیو ٹیکسٹ نامی فیچر کو اب ویڈیو کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

یہ فیچر گوگل لینس کی طرح کام کرتا ہے۔

صارفین کی پرائیویسی کے لیے ایک نئے فیچر سیفٹی چیک کا اضافہ کیا گیا ہے جو تمام ڈیوائسز سے سائن آؤٹ کرنے، کسی ایپ تک رسائی ختم کرنے اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

واچ او ایس 9

ایپل واچ کے لیے بھی نیا آپریٹنگ سسٹم واچ او ایس 9 متعارف کرایا گیا ہے جس میں ہیلتھ مانیٹرنگ کے لیے متعدد فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

آئی پیڈ او ایس 16

ایپل کے ٹیبلیٹس کے لیے بھی نئے آپریٹنگ سسٹم کو اس ایونٹ میں متعارف کرایا گیا۔

آئی پیڈ او ایس 16 میں نوٹیفکیشنز کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے، گیمنگ کے لیے نئے میٹل اے پی آئی کو متعارف کرایا گیا ہے اور متعدد نئے اضافے کیے گئے ہیں۔