08 جون ، 2022
ٹک ٹاک میں صارفین اب اپنے انیمیٹڈ اواتار تیار کرسکیں گے۔
اس دلچسپ فیچر کو ٹک ٹاک اواتارز کا نام دیا گیا ہے اور یہ انیمیٹڈ اواتار ویڈیوز میں بھی استعمال ہوسکیں گے۔
یہ فیچر کافی حد تک اسنیپ چیٹ کے بٹ موجی یا ایپل کے می موجی سے ملتا جلتا ہے۔
صارفین ان اواتار کو اپنی مرضی کے مطابق مختلف ملبوسات، بالوں کے انداز اور دیگر سے سجا سکتے ہیں۔
ٹک ٹاک میں اس حوالے سے ٹیمپلیٹس دستیاب ہوں گے جن کو بدلا جاسکتا ہے یا صارف کی مرضی ہوگی تو وہ بالکل منفرد اواتار خود بھی تیار کرسکتا ہے۔
ان اواتارز کے لیے مختلف وائس ایفیکٹس کا اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے جن کو کمپنی نے انیمیٹڈ ری ایکشنز کا نام دیا ہے۔
اسی طرح صارف اپنے چہرے کے تاثرات بھی ان اواتارز کے چہروں کا حصہ بنا سکتے ہیں۔
ٹک ٹاک کی جانب سے اس فیچر پر فروری 2022 سے کام کیا جارہا تھا اور اب جاکر کمپنی نے اس کی تصدیق کی ہے۔
اس فیچر سے محسوس ہوتا ہے کہ مستقبل میں ٹک ٹاک کی جانب سے بھی میٹا ورس پر کام کیا جاسکتا ہے، مگر فی الحال کمپنی نے اس بارے میں کوئی بیان نہیں دیا۔