اسکرین سے سیاست میں آنیوالے عامر لیاقت کون تھے؟

عامرلیاقت حسین 5 جولائی 1971 کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے عملی صحافت کا آغاز ندائے ملت سے کیا/ فائل فوٹو
عامرلیاقت حسین 5 جولائی 1971 کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے عملی صحافت کا آغاز ندائے ملت سے کیا/ فائل فوٹو

رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت آج 49 سال کی عمر میں   انتقال کرگئے۔

عامرلیاقت حسین 5 جولائی 1971 کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے عملی صحافت کا آغاز ندائے ملت سے کیا۔

عامر لیاقت حسین کو جیو ٹیلی ویژن کے پروگرام عالم آن لائن سے شہرت ملی اور ان کی شہرت کو جیو کی رمضان ٹرانسمیشن اور انعام گھر نے چار چاند لگا دیے، وہ جیو ٹی وی سمیت مختلف میڈیا گروپس کے ساتھ منسلک رہے۔

عامر لیاقت نے عملی سیاست کا آغاز متحدہ قومی  موومنٹ سے کیا اور وہ پہلی مرتبہ ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر ہی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

عامر لیاقت 2002 سے 2007 تک قومی اسمبلی کے ممبر رہے اور وہ سابق صدر مشرف کے دور حکومت میں وزیر  مملکت بھی رہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے بعد عامر لیاقت  نے پاکستان تحریک  انصاف میں شمولیت اختیار کی اور وہ 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

عامر لیاقت نے تین شادیاں کیں، ان کی پہلی اہلیہ سیدہ  بشریٰ تھیں جن سے ان کے دو بچے ہیں جن میں ایک  بیٹا احمد اور بیٹی دعا شامل ہیں  تاہم 2020 میں بشریٰ نے عامر لیاقت سے  علیحدگی کی تصدیق کی۔

عامر لیاقت نے دوسری شادی کی تصدیق دسمبر 2018 میں کی تھی، ان کی دوسری شادی طوبیٰ انور سے ہوئی لیکن یہ شادی بھی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور طوبیٰ نے فروری 2022 میں عامر لیاقت سے علیحدگی کی تصدیق کی۔

فروری 2022 میں عامر لیاقت نے تیسری شادی دانیہ شاہ سے کی لیکن 3 ماہ بعد دانیہ نے تنسیخ نکاح کا دعویٰ  دائر کردیا۔

مزید خبریں :