12 جون ، 2022
معروف ٹی وی میزبان اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی وفات کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین عامر لیاقت کی موت کا سبب دانیہ کو قرار دے رہے ہیں، صارفین کے مطابق دانیہ نے عامر لیاقت کی ذہنی حالت خراب کی اس لیے وہی ان کی موت کی سب سے بڑی ذمہ دار ہیں۔
تاہم اب دانیہ شاہ کی حمایت میں اداکارہ ارمینا رانا خان اور یشما گل سامنے آئی ہیں۔
اداکارہ ارمینا نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک پوسٹ شیئر کی جس پر لکھا تھا کہ 'مانو یا نہ مانو، دانیہ نے عامر لیاقت کو کھا لیا ہے'۔
اداکارہ نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس پوسٹ پر تبصرہ کیا کہ 'آپ لوگ کیا کر رہے ہیں؟ کیا اب آپ ایک کم عمر لڑکی کو اس طرح پریشان کریں گے؟ کیا اب تک آپ نے عامر لیاقت کی موت سے کچھ نہیں سیکھا؟'
دوسری جانب یشما گل نے کہا کہ 'دانیہ شاہ کو چھوڑ دیں، ایک زندگی پہلے ہی جا چکی ہے، اب دوسری زندگی کھونے کا خطرہ مول نہ لیں، اللہ تعالیٰ کو حساب کرنے دیں'۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ 'ہوسکتا ہے کہ اس نے برے کام کیے ہوں، یا نہ کیے ہوں لیکن ہم کون ہوتے ہیں کہ فیصلہ کرکے نفرت انگیز الفاظ کہنے لگ جائیں؟'
واضح رہے کہ عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ نے ان کے خلاف تنسیخِ نکاح کا کیس دائر کر رکھا تھا، عامر لیاقت کی موت کے بعد دانیہ نے بتایا کہ عامر لیاقت نے اپنی زندگی میں صلح کا پیغام بھیجا تھا۔