15 جون ، 2022
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی جس میں پہلی اور دوسری پوزیشن پر پاکستانی کھلاڑیوں کا قبضہ ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق بیٹنگ میں پہلا نمبر بدستور بابراعظم کا ہے جب کہ دوسرا نمبر تبدیل ہوگیا ہے۔
پاکستانی اوپنر امام الحق نے بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔
رینکنگ کے مطابق بھارتی وکٹ کیپر ایشان کشن کی 14 درجے ترقی ہوئی جس کے بعد وہ ٹاپ ٹین میں آگئے۔
بولرز کی رینکنگ:
ون ڈے کی بولنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کی ٹاپ پوزیشن برقرار ہے۔
دوسری پوزیشن پر آسٹریلوی بولر جوش ہیزل ووڈ ہیں جب کہ تیسرا نمبر کیوی بولر میٹ ہینری کا ہے۔
شاہین آفریدی کا چوتھا نمبربرقرار ہے، پانچویں نمبر پر بھارت کے جسپریت بمرا موجود ہیں جب کہ افغانستان کے مجیب الرحمان چھٹے نمبرپرآگئے۔