15 جون ، 2022
وزارت خزانہ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بتایا ہے کہ وفاقی بجٹ میں موبائل فونز کی درآمد پر لیوی عائد کرنے سے 66 کروڑ روپے جمع ہونے کا امکان ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں وزارت خزانہ کے حکام نے شرکت کی۔
حکام وزارت خزانہ نے بتایا کہ موبائل فون کی درآمد پر لیوی عائد کی ہے اور اس ٹیکس سے 66 کروڑ روپے جمع ہونے کا امکان ہے۔
سینیٹر دلاور خان کا کہنا تھاکہ اس ٹیکس سے ملک میں موبائل استعمال کی حوصلہ شکنی ہے۔ چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈی والا نے استفسار کیا کہ وزارت خزانہ کو موبائل فون پر لیوی لگانے کا خیال کیوں آیا؟ وزارت خزانہ کو بھی معلوم نہیں کتنی رقم حاصل ہوگی۔
اسٹیل انڈسٹری کے حکام نے بتایا کہ اسٹیل کے شعبے پر ٹرن اوور ٹیکس لگانے سے انڈسٹری بند ہوجائے گی اور ٹرن اوورٹیکس انڈسٹری کو نقصان پہنچائے گا۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 23-2022 کے بجٹ میں موبائل فونز کی درآمد پر 100 روپے سے 16 ہزار روپے تک لیوی عائد کرنے کی تجویز دی ہے۔