15 جون ، 2022
بھارت میں ایک مرغی نے 6 گھنٹے میں 24 انڈے دے کر سب کو حیران کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان دنوں ریاست کیرالہ کے گاؤں میں ایک مرغی سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے کیونکہ اس نے اتوار کے روز 6 گھنٹے کے دوران 24 انڈے دینے کے بعد پولٹری ماہرین سمیت سب کو حیران کر دیا۔
جانور پالنے والے حلقوں میں مرغی کے اتنے کم وقت میں 24 انڈے دینے پر کافی بحث کی جارہی ہے اور اسے ایک کارنامہ قرار دیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مرغی V380 ہائبرڈ نسل کی ہے ۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کی صبح مرغی کے مالک بیجو کمار نے اسے لنگڑاتے ہوئے دیکھا جس کے بعد اس نے مرغی کی ٹانگوں پر تیل لگایا تھا تاہم تھوڑی دیر بعد ہی اس نے انڈے دینا شروع کردیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مرغی کی جانب سے اتنی تعداد میں انڈے دینے کی خبر گاؤں میں آگ کی طرح پھیل گئی اورمقامی لوگوں نے بیجو کے گھر کو گھیر لیا ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 8 ماہ کی یہ مرغی ان 23 مرغیوں میں سے ایک ہے جنہیں بیجو اور اس کی بیوی نے 7 ماہ قبل بینک کے قرض کی مدد سے خریدا تھا۔