پاکستانی اداکار تنویر جمال کی طبیعت ناساز، جاپان کے اسپتال میں داخل

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ تنویر جمال کینسر کے مریض ہیں، ان کےچاہنے والے دعاکریں— فوٹو: فائل
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ تنویر جمال کینسر کے مریض ہیں، ان کےچاہنے والے دعاکریں— فوٹو: فائل

ٹوکیو : پاکستانی اداکار تنویر جمال کی طبیعت ناساز ہوگئی جنہیں جاپان کے اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ تنویر جمال کینسر کے مریض ہیں، ان کےچاہنے والے دعاکریں۔

خیال رہے کہ معروف پاکستانی اداکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر تنویر جمال میں دوسری مرتبہ کینسر کی تشخیص ہوئی جس کے بعد وہ علاج کے لیے جاپان منتقل ہوگئے تھے۔

تنویر جمال گزشتہ 35 برسوں سے اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے پاکستان میں اہم مقام رکھتے ہیں، تنویر جمال کو ان کی بہترین اداکاری پر پی ٹی وی کی جانب سے بیسٹ ایکٹر ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

تنویر جمال نے پرائیوٹ پروڈکشن میں سب سے پہلے ایکشن سے بھرپور میگا ڈرامہ سیریل ’گاڈ فادر‘ کو ڈائریکٹ اور پروڈیوس کرکے اپنا نام بنایا جب کہ یہ ڈرامہ سیریل پاکستان اور جاپان میں ریکارڈ کی گئی۔

انہوں نے درجنوں معروف ڈرامہ سیریل میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ‘ اب پیمبر نہیں آئیں گے‘ اور عنقریب ریلیز ہونے والی فلم ’جاپان کنکشن‘ ڈائریکٹ اور پروڈیوس کی ہے۔

تنویر جمال 2016 میں پہلی دفعہ کینسر کے مرض کا شکار ہوئے تھے تاہم علاج کے بعد صحتیاب ہوگئے تھے لیکن چند ماہ قبل انہیں پھر سے تکلیف ہوئی اور ایک بار پھر کینسر کی تشخیص ہوئی جس سے ان کی صحت کافی متاثر ہوئی۔

مزید خبریں :