این اے 240 ضمنی انتخاب، ہنگامہ آرائی کے دوران مصطفیٰ کمال کو بھی ٹانگ پر گولی لگی

گولی ٹانگ میں لگنے کے بعد آدھی باہر ہی تھی جسے ہاتھ سے خود نکال لیا تھا: سربراہ پاک سرزمین پارٹی— فوٹو: مصطفیٰ کمال آفیشل
گولی ٹانگ میں لگنے کے بعد آدھی باہر ہی تھی جسے ہاتھ سے خود نکال لیا تھا: سربراہ پاک سرزمین پارٹی— فوٹو: مصطفیٰ کمال آفیشل 

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 کورنگی 2 کے ضمنی انتخاب میں ہنگامہ آرائی کے دوران پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال کو بھی گولی لگی۔

گزشتہ روز این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ ہوئی تھی اور ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے باعث ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

گزشتہ روز جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے اپنے زخمی ہونے کا اشارہ دیا تھا۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھاکہ فائرنگ کے دوران گولی میری ٹانگ میں گھٹنے سے اوپر آکر لگی، گولی کہیں ٹکرانے کے بعد میری ٹانگ میں آکر لگی۔

انہوں نے بتایا کہ گولی ٹانگ میں لگنے کے بعد آدھی باہر ہی تھی جسے ہاتھ سے خود نکال لیا تھا اور گولی لگنے کے بعد فرسٹ ایڈ لی تھی اور ڈاکٹر نے زخم پر پٹی کردی ہے۔

خیال رہے کہ این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے میدان مار لیا ہے اور ایم کیو ایم کے محمد ابوکر10683 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے شہزادہ شہباز 10618 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

مزید خبریں :