Time 17 جون ، 2022
دنیا

یوکرین کے یورپی یونین کے رکن بننے کے عمل میں پیشرفت

یوکرین کے صدر اور یورپین کمیشن کی سربراہ کی چند روز پرانی پریس کانفرنس / اے پی فوٹو
یوکرین کے صدر اور یورپین کمیشن کی سربراہ کی چند روز پرانی پریس کانفرنس / اے پی فوٹو

یوکرین کے یورپی یونین کے رکن بننے کے عمل میں پیشرفت ہوئی ہے۔

یورپین کمیشن نے یوکرین کو یورپی یونین کے امیدوار کی حیثیت دینے کی سفارش کی ہے جو مکمل رکنیت کے حصول کا پہلا قدم ہے۔

کمیشن کی سفارش پر یورپی یونین کے رہنما آئندہ ہفتے برسلز میں ایک اجلاس کے دوران غور کریں گے۔

یورپین کمیشن کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لین نے بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ یوکرینی عوام یورپ کی ترقی کے لیے اپنی جانیں قربان کرسکتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ یورپی یونین کا حصہ بن جائیں۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین کی جانب سے اس عزم و حوصلے کا مظاہرہ کیا گیا جو یورپی اقدار اور معیار پر پورا اترتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کے رکن بننے کا عمل میرٹ پر مبنی ہوگا اور اس میں پیشرفت کا انحصار یوکرین پر ہوگا۔

یورپین کمیشن کے اس اعلان کا یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی نے خیرمقدم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ہمیں روس کو شکست دینے میں مدد مل سکے گی۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ یہ یورپی یونین کی رکنیت کے سفر کے لیے پہلا قدم ہے، جس سے ہماری فتح مزید قریب آگئی ہے۔

دوسری جانب روس نے کہا ہے کہ وہ یوکرین کی یورپی یونین کے رکن بننے کی کوششوں پر نظررکھے ہوئے ہے۔

یورپین کمیشن نے یوکرین کے پڑوسی ملک مالدووا کے لیے بھی یورپی یونین کی رکنیت کی سفارش کی۔

اس سے قبل 16 جون کو جرمن چانسلر، اٹلی کے وزیراعظم، فرانس اور رومانیہ کے صدور نے یوکرینی صدر سے ملاقات کے بعد کیف میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ یوکرین کو یورپی یونین کے امیدوار کی حیثیت فوری دی جانی چاہیے۔

مزید خبریں :