15 جون ، 2022
امریکا نے یوکرین کیلئے مزید ایک ارب ڈالر کی فوجی امداد کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ کے روز یوکرین کے صدر ولودمیر زیلنسکی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں روس کے حملے کے خلاف کیف کے لیے واشنگٹن کی حمایت کی توثیق کرتے ہوئے جنگی سازومان کے ایک نئے پیکج کا اعلان کیا۔
بائیڈن نے کہا کہ ایک ارب ڈالر مالیت کے اسلحے کے پیکج میں مزید توپ خانے، اینٹی شپ ڈیفنس سسٹم ،گولہ بارود اور جدید راکٹ سسٹم شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا یوکرین کے ساتھ کھڑا رہے گا کیونکہ وہ اپنی جمہوریت کا دفاع کرتا ہے ۔
واضح رہے کہ روس کی جانب سے جاری جنگ میں یوکرین کو امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور ترکی سمیت درجنوں ممالک سے اربوں ڈالر مالیت کے اسلحے اور فوجی سازوسامان کی امداد ملی ہے۔